بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی تو آئی ایم ایف کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے، علی امین گنڈا پور


وزیراعلٰی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہر حال میں رہا کیا جائے، تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قائد سے ملاقات نہ کروائی گئی تو آئی ایم ایف سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ بجٹ کیلئے 4 سے 6 لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔
راولپنڈی میں وزیراعلٰی خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے، فارم 45 ہمارے پاس ہیں، اقتدار ہمارے حوالے کریں، ملک میں آئین کی بالادستی ہونا چاہئے۔
علی امین گنڈاپورنے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود ہمیں لیڈرسے نہیں ملنے دیا جاتا، مجھے اپنے لیڈر سے بجٹ پر بات کرنا ہے، ملاقات نہ کروائی تو ہم آئی ایم ایف کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعلٰی کے پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے تمام لوگوں کی ملاقات ہونا چاہئے، یہ سب مل کربھی پی ٹی آئی کوختم نہیں کر سکے، موجودہ حکومت ناکام ہو چکی، ریاست کو نہیں چلا سکتی۔
انھوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں، بانی پی ٹی آئی کو ہرحال میں رہا کروائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی پرکوئی کیس نہیں، تمام کیسز جھوٹے ہیں۔
وزیراعلٰی خیبر پختون خوا نے کہا کہ ہماری حکومت نے صوبے کا بجٹ ڈھائی سوارب روپےسرپلس کردیا ہے۔ جب ہماری حکومت آئی تو تنخواہ کے پیسے بھی نہیں تھے، باتیں اور تنقید کرنا آسان، کام کرنامشکل ہوتا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے مزید گفتگو میں کہا کہ ہم نے اپنے صوبے میں فلاحی کام شروع کیے ہوئے ہیں۔ بجٹ کیلئے 4 سے 6 لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔
قبل ازیں، علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ ترجمان وزیر اعلیٰ کے پی کے مطابق علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات 3 گھنٹوں تک جاری رہی۔ ملاقات میں اہم سیاسی و ملکی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
ترجمان وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ملکی صورتحال پر یکجہتی اوراتحاد پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ نے قید اسیران سے متعلق قانونی معاونت پر بریفنگ دی، آج اسلام آباد ہائیکورٹ سے 86 کارکنوں کی ضمانت پر رہائی منظور ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے باقی اسیران کی جلد رہائی کیلئے خصوصی ہدایات دیں، خیبر پختون خوا میں تمام حکومتی فیصلوں پر علی امین گنڈا پور خود مختار ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles