
بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی طرف سے کیا گیا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خضدار میں اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک المناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد ایسے گھناؤنے اور بزدلانہ واقعات کے پیچھے ہے، اور یہ حملے بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروائے ہیں۔
پاکستانی فورسز نے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں گے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا خضدار میں اسکول بس حملے کی شدید مذمت، دہشت گردی کے خاتمے کا عزم
خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ صدر نے کہا کہ اسکول کے معصوم بچوں پر حملہ انسانیت سوز اور گھناونا جرم ہے۔ انہوں نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو قلع قمع کرنے اور عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی حمایت میں ملوث ہے اور دہشت گرد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم نے بھی اس واقعے پر رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی ہدایت دی۔ انہوں نے بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کے فوری تعین اور قرار واقعی سزا دینے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا ہے اور معصوم بچوں پر حملہ تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بھارتی مہم جوئی کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔