
بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں واقع جبار مارکیٹ زور دار دھماکے سے لرز اُٹھی۔ دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ آٹھ افراد زخمی ہیں ، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ قریب کھڑی گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور جائے وقوعہ کو سیل کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
امدادی ٹیموں نے دھماکے کے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ تاہم بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
تاحال دھماکے کی نوعیت اور محرکات کا تعین نہیں ہو سکا۔ تحقیقاتی ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور شواہد جمع کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔