
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں ملکی دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شرکا کانفرنس نے کہا کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو فیصلہ کن جواب کیلئے تیار رہے! جنگ کی کسی بھی کوشش کا بھر پور اور فیصلہ کن جوب دیا جائے گا، فورم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے تمام فارمیشنزاور اسٹرٹیجک فورسز پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت کورکمانڈرز کانفرنس کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ فورم نے خطے کی موجودہ صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔ بالخصوص پاک، بھارت کشیدگی اور علاقائی سلامتی کا معاملہ زیرغور آیا۔ کور کمانڈر کانفرنس میں ملکی سالمیت کیلئے مسلح افواج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افواج اپنی عوام کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہیں، کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے تمام محاذوں پر چوکنا رہنے پر زور دیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پر شدید اظہار تشویش کیا۔
اجلاس میں فورم نے کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی فوج کی غیر انسانی کارروائیاں کشیدگی بڑھاتی ہیں، بھارتی کارروائیوں کا مؤثراور مناسب جواب دیا جائے گا۔ کورکمانڈر کے شرکاء نے بھارت کی جانب سے گھڑے گئے بحرانوں پر بھی تشویش کا اظہارکیا اور کہا کہ بھارت یکطرفہ چالوں سےاسٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
شرکا کانفرنس نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں پلوامہ کا ڈرامہ رچایا، یہ ڈرامہ مقبوضہ کشمیر کا اسٹیٹس کو تبدیل کرنے کیلئے رچایا گیا، پہلگام واقعہ کا مقصد پاکستان کی توجہ مغربی سرحدوں سے ہٹانا ہے، اس کا مقصد اقتصادی بحالی کی کوششوں سے توجہ ہٹانا ہے۔
کور کمانڈر کانفرنس میں شرکاء کانفرنس نے کہا کہ ان دو عوامل میں پاکستان پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بھارت پاکستان کے بنیادی آبی حقوق کو غضب کرنے کے درپے ہے۔
کور کمانڈرز شرکا نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انتہائی خطرناک ہے، بھارتی حرکت سے پاکستان کی 24 کروڑ آبادی متاثر ہوگی، جنوبی ایشیا میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا، بھارتی فوج پاکستان میں دہشتگردی کو منظم کر رہی ہے۔
شرکا کانفرنس نے بھارتی فوج، انٹیلی جنس کے ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ یہ اقدامات ریاستی سرپرستی میں ہو رہے ہیں، یہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اورناقابلِ قبول ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے مزید کہا کہ جنگ کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہرقیمت پر احترام کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے تمام فارمیشنز اور اسٹرٹیجک فورسز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔