عمران خان کو فوراً ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت


اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانتوں سے متعلق سماعت ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس سمیت پانچ مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف نے عدالت کو بتایا کہ آج ان کے موکل کو عدالت میں پیش کیے جانے کی توقع ہے، کیونکہ عدالتی حکم بھی یہی ہے۔ جج نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی پیشی کی کوشش تو میں نے بھی کی ہے، کیا جیل حکام نے کوئی لیٹر لکھا؟ جس پر عدالتی عملے نے جواب دیا کہ جی، ایک لیٹر آیا ہے۔
جج نے استفسار کیا کہ پھر ویڈیو لنک کی کیا صورتحال ہے؟ عدالتی عملے نے جواب دیا کہ جیل حکام سے چیک کرتے ہیں۔
جج نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظار کریں، ویڈیو لنک کا چیک کرتے ہیں۔ اس دوران عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا اور ہدایت کی کہ عدالتی عملہ جیل حکام سے ویڈیو لنک پر حاضری کے لیے رابطہ کرے۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی کی 26 نومبر احتجاج کے کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عامر ضیاء نے کی۔ ان کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش نہیں کر رہا۔ اس دوران بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی، جس پر جج عامر ضیاء نے کہا کہ وہ درخواست پر فیصلہ کریں گے۔ بعد ازاں اس سماعت میں بھی وقفہ کر دیا گیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles