معروف کامیڈین امان اللہ خان کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے
پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار امان اللہ خان کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے۔
امان اللہ خان 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 2020 میں مختصر علالت کے بعد 6 مارچ کو اسپتال میں چل بسے تھے، امان اللہ خان کا شمار پاکستان کے بہترین مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا تھا۔
کامیڈی کنگ نے بھارت سمیت مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے مسلسل 42 سال تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا، انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔
امان اللہ خان کے فن کی دھوم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مچی اور انہوں نے اپنی لائیو پرفارمنسز کے ذریعے خوب داد سمیٹی۔
معروف کامیڈین امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور فلم نامعلوم افراد میں کام کیا اور اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
شوبز کی دنیا میں راج کرنے والے کنگ آف کامیڈی امان اللہ خان کی عمر قہقہے بکھیرتے گزری، اداکار امان اللہ نے کامیڈین کے طور پر پوری دنیا میں شہرت پائی اور وہ مختلف لوگوں کی آوازوں کی نقالی کے بھی ماہر تھے۔
بعدازاں پھیپھڑوں اور دل کے عارضے کی وجہ سے معروف کامیڈین امان اللہ خان 6 مارچ 2020 کو اس دنیا سے چلے گئے۔