
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے رہنما آفاق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
فاروق ستار کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں کرپشن میں ملوث ہے اور کراچی کے شہریوں کو ڈمپر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے ماضی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ زیدی کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے بعد کراچی کی سیاست میں بڑی تبدیلی آئی تھی، اور آج بھی شہر میں ویسی ہی صورتحال ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو 1985 جیسے حالات دوبارہ پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے ٹرانسپورٹ مافیا سرگرم تھا، اور اب ڈمپر مافیا بے قابو ہوچکا ہے۔
فاروق ستار کے مطابق 100 سے زائد شہری ڈمپر مافیا کی نذر ہوچکے ہیں، لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈمپر مافیا کے خلاف ایک بیان تک جاری نہیں کیا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اگر آفاق احمد کوئی بیان نہ بھی دیتے تو بھی عوام پہلے ہی مشتعل تھے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر الزام لگایا کہ وہ ڈمپر اور ٹینکر مافیا کو کھلی چھوٹ دے رہی ہے، اور شہریوں کی جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں۔
آخر میں فاروق ستار نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان آفاق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے اور اگر عوام کے مسائل حل نہ کیے گئے تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔