
لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی حادثے میں سات پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق، جاں بحق افراد میں سے 6 کا تعلق ضلع کرم اور باجوڑ سے ہے۔
ذرائع کے مطابق، کشتی میں 60 کے قریب تارکین وطن سوار تھے، جن میں سے 35 پاکستانیوں کے زندہ بچ جانے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 30 کے قریب افراد لیبیا پولیس کی حراست میں ہیں۔
حادثہ مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب پیش آیا، جہاں 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی۔ لیبیا کے ریڈ کریسنٹ نے جمعہ کے روز اعلان کیا تھا کہ زاوِیہ کے شمال مغرب میں واقع مرسا ڈیلا بندرگاہ پر کشتی ڈوبنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
ریڈ کریسنٹ کے مطابق، زاویہ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ اور کوسٹ گارڈ پوسٹ سے اطلاع ملنے کے بعد ٹیم نے 10 لاشیں برآمد کیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد مقامی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زاوِیہ اسپتال روانہ کر دی گئی ہے تاکہ مقامی حکام کے ساتھ تعاون کیا جا سکے۔** پاکستانی سفارتخانے نے طرابلس میں ایک ہیلپ لائن بھی قائم کر دی ہے، جہاں پاکستانی شہری کسی بھی مدد یا معلومات کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔
ہیلپ لائن نمبر:
📞 واٹس ایپ: 03052185882
📞 فون نمبر: 0021891387077
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ لیبیا میں موجود متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات اکٹھی کر رہا ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے کرائسس مینجمنٹ یونٹ کو بھی صورتحال کی نگرانی کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔