چیمپئنزٹرافی کیلئے اسکواڈ کا اعلان آج کر دیاجائے گا، چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کےلیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹرافی کیلئے تمام ٹیموں کو ویلکم کریں گے، ہم سب کا مقصد ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانا ہے، سلیکشن کمیٹی سے ابھی ملاقات ہوئی ہے، چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسکواڈ کا اعلان آج کر دیا جائے گا، سرحد پار ایسے لوگ ہیں ایک پتھر بھی لگے تو تنقید کرتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا 7 فروری کوافتتاح کریں گے، جبکہ صدر مملکت آصف زرداری11فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح 11فروری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیموں کے ساتھ بورڈ حکام کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، اسی طرح آئی سی سی آفیشلز کو بھی مدعو کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کو ٹھیک ہونے میں کم سے کم3 سے4 ہفتے لگیں گے، صائم کی صحت اب بہتر ہے،ہم ڈاکٹروں سے رابطے میں ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تماشائیوں کی گنجائش بھی بڑھ گئی ہے، اسٹیڈیم میں لگائی گئی سیٹیں دوست ملک چین سے منگوائی ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ اسٹیڈیمزکے کام بروقت مکمل ہونے سے بہت سے لوگوں کے خواب ٹوٹے ہیں، اسٹیڈیم کے ورکرز8 فروری کو لاہور میں میچ دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب 16فروری کوہوگی، ہم نے آئی سی سی کے تمام آفیشلز کو بھی مدعو کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی پوری ٹیم چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں میں مصروف ہے، آئی سی سی کے تمام پاسز فروخت کر رہے ہیں تاکہ ریونیو بڑھ سکے، اسٹیڈیم کی بہتری کے لیے جو خرچہ ہواہے، اسے پورا کرنا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ آج کسی بھی وقت چیمپئنز ٹرافی کےلیے قومی ٹیم کا اعلان ہو جائے گا، قومی ٹیم کا مورال بلند ہے، انشااللہ نتائج بھی اچھے ہوں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles