
سعودی عرب نے حج کیلئے عمر کی نئی پابندی نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر عازمین پر سفر پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے بعد سینکڑوں پاکستانی بچے بھی اس فیصلے سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق 15 سال سے کم عمر عازمین کے حج ویزے فوری طور پر منسوخ قرار دے دیے گئے ہیں اور انہیں حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے تقریباً 450 پاکستانی بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جن میں سے 200 بچے پرائیویٹ حج اسکیم جبکہ 250 سرکاری حج اسکیم کے تحت سفر کے منتظر تھے۔ صرف کراچی سے ہی 70 عازمین کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مئی 2026 سے 15 سال سے کم عمر افراد کو حج پروازوں میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ 3 سال سے کم عمر عازمین کے ویزے بھی منسوخ قرار دے دیے گئے ہیں۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے ایئرپورٹس کو ہدایت جاری کی ہے کہ کم عمر عازمین کو پروازوں میں سوار ہونے سے روکا جائے اور اس فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
سعودی حکام کی جانب سے متاثرہ عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کے حج پر جانے پر پابندی عائد تھی، جسے اب مزید سخت کرتے ہوئے 15 سال کر دیا گیا ہے۔