
بنگلا دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر میں حسینہ واجد نہیں بلکہ صرف سردی آئے گی۔
جمعرات کو وزارت خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں کبیر نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی سلہٹ میں ایک اجلاس کے دوران واضح کرچکے ہیں کہ شیخ حسینہ دسمبر میں واپس نہیں آئیں گی۔ ان کے بقول، دسمبر میں کوئی نہیں آئے گا، صرف سردی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر شیخ حسینہ واجد کی واپسی ہوتی ہے تو انہیں حوالگی کے معاہدے کے تحت بھارت سے بنگلا دیش لانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں باضابطہ طور پر حوالے کیا جائے گا، چاہے وہ ہتھکڑیوں میں طیارے کے ذریعے لائی جائیں یا سخت نگرانی میں منتقل کی جائیں، ان کی واپسی کا یہی طریقہ ہوگا۔
ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلا دیش چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ اور ملک میں جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والے دیگر افراد کو بھارت موجودہ حوالگی معاہدے کے تحت بنگلا دیش کے حوالے کرے۔
ان کے مطابق اس معاہدے میں عام شہریوں کے سفر اور فوجداری مقدمات میں مطلوب افراد کی حوالگی کے لیے الگ شرائط موجود ہیں۔ بنگلا دیش اپنی درخواستیں متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرچکا ہے اور اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔
انہوں نے شہید شریف عثمان ہادی کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کی واپسی کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ بنگلہ دیش انہیں بھی حوالگی کے قانونی طریقہ کار کے تحت واپس لانا چاہتا ہے۔
بنگلا دیشی وزیر مملکت نے شیخ حسینہ کو مجرم اور دہشت گرد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی سیاسی اہمیت کھو چکی ہیں اور انہیں اپنے اقدامات پر کوئی پچھتاوا نہیں۔
انہوں نے حسینہ واجد کے خاندان اور سیاسی ساتھیوں پر ملک کو لوٹنے اور تشدد میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے لیے بنگلہ دیش میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
مغربی بنگال کے بعض وزرا کی جانب سے 16 دسمبر کو بنگلا دیش پر قبضے سے متعلق دھمکی آمیز بیانات کے بارے میں سوال پر ہمایوں کبیر نے کہا کہ دنیا بھر کی سیاست میں ایسے غیر سنجیدہ افراد موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے تعلقات بھارت کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہوں گے اور دونوں ممالک کے سنجیدہ معاملات بھی اسی سطح پر زیر بحث آتے ہیں۔
امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے حوالے سے ہمایوں کبیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے محصولات سے متعلق معاہدے اہم سیاسی اور معاشی ترجیحات میں شامل ہیں، تاہم بنگلا دیش کو ان معاہدوں کی بعض شرائط پر تحفظات ہیں، جنہیں واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات میں اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے پاس اپنے مؤقف کے حق میں دلائل پیش کرنے اور ان شرائط پر بات چیت کرنے کا موقع موجود ہے جنہیں وہ غیر منصفانہ سمجھتا ہے۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش امریکا سے کپاس درآمد کرتا ہے، مقامی صنعتوں میں اس سے مصنوعات تیار کی جاتی ہیں اور پھر یہی مصنوعات امریکی منڈی میں برآمد کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ تجارتی تعلقات محصولات کے معاملات پر بات چیت کی بنیاد فراہم کرسکتے ہیں۔
ہمایوں کبیر کا کہنا تھا کہ امریکی محصولات کی پالیسی صرف بنگلا دیش کے خلاف نہیں بلکہ اس سے کئی دوسرے ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 26 جنوری کو ہونے والی عوامی سماعت بنگلا دیش کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر (یو ایس ٹی آر) نے بنگلا دیش سمیت 14 معیشتوں کی پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ان ممالک کے بعض اقدامات عالمی سطح پر صنعتی پیداواری صلاحیت اور پیداوار میں ضرورت سے زیادہ اضافے کا سبب بن رہے ہیں، جس سے امریکی تجارت متاثر ہوتی ہے۔
یو ایس ٹی آر کے مطابق بنگلا دیش کی ان پالیسیوں میں صنعتی شعبے کو برقرار رکھنے اور وسعت دینے کے منصوبے، خصوصاً اہم پیداواری شعبوں میں حکومتی مراعات، پیداوار اور برآمدات بڑھانے کے لیے مالی سہولتیں، مزدوروں کے حقوق کا ناکافی تحفظ، مالیاتی شعبے سے متعلق بعض پالیسیاں اور عالمی سطح پر ضرورت سے زیادہ صنعتی پیداوار کے مسئلے سے نمٹنے میں ناکامی شامل ہیں۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کا مؤقف ہے کہ ان پالیسیوں کے باعث امریکی صنعت کاروں اور برآمد کنندگان کے لیے بنگلا دیش اور دیگر ممالک کی منڈیوں میں کاروباری مواقع محدود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی صنعتی شعبے میں پیداوار، برآمدات، ملازمتوں اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ امریکی معاشی سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
رپورٹ میں خاص طور پر بنگلا دیش کی تیار ملبوسات کی صنعت کا ذکر کیا گیا ہے، جسے امریکی حکام کے نزدیک ان تجارتی پالیسیوں سے متاثر ہونے والے اہم شعبوں میں شمار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیشی وزیر مملکت نے واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت امریکی تحفظات پر مذاکرات کرے گی اور جن شرائط کو غیر منصفانہ سمجھتی ہے، ان کے خلاف اپنا مؤقف پیش کرے گی۔