
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر مزید 20 فیصد ٹیرف لگانے کی تجویز پیش کی ہے، جس کی بیجنگ نے مخالفت کردی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے امریکی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد ضرورت سے زیادہ صنعتی پیداوار کا مؤقف بے بنیاد ہے اور اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ٹیرف یا تجارتی جنگ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، امریکا کو یہ معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی انتظامیہ چین سے درآمد کی جانے والی بعض مصنوعات پر پہلے سے عائد محصولات کے علاوہ مزید 20 فیصد ٹیرف لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس اضافے کے بعد مخصوص چینی مصنوعات پر مجموعی درآمدی محصول 45 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔
امریکی منصوبے میں صرف چین ہی نہیں، یورپی یونین، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان اور دیگر تجارتی شراکت دار بھی شامل ہیں۔ ان کی مصنوعات پر 10 سے 18 فیصد تک اضافی محصولات عائد کرنے کی تجویز ہے، جب کہ ویتنام کے لیے 20 فیصد ٹیرف کی شرح زیرِ غور ہے۔
امریکی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ان معیشتوں میں سرکاری سبسڈی اور تجارتی رکاوٹوں کے باعث ضرورت سے زیادہ صنعتی پیداوار ہو رہی ہے، جس سے امریکی صنعت کاروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ واشنگٹن کے مطابق نئے محصولات کا مقصد امریکی کمپنیوں کو غیر منصفانہ مسابقت سے تحفظ دینا ہے۔
’اے پی‘ کے مطابق یہ محصولات ابھی تجویز کے مرحلے میں ہیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔ امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کی تحقیقات کے بعد عوامی رائے لینے اور سماعت کا عمل بھی ہوگا۔
برازیل کے لیے الگ اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ امریکی انتظامیہ خام اور صاف شدہ چینی پر درآمدی محصولات بڑھانے کے علاوہ ہوائی جہازوں پر 10 فیصد نیا ٹیرف لگانے پر غور کر رہی ہے، جس سے برازیل کی بڑی طیارہ ساز کمپنی ایمبریئر متاثر ہو سکتی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق مجوزہ محصولات 1974 کے تجارتی قانون کی دفعہ 301 کے تحت عائد کیے جائیں گے، جو امریکی حکومت کو دوسرے ممالک کے تجارتی طریقوں کی تحقیقات اور ان کے خلاف جوابی اقدامات کا اختیار دیتی ہے۔
بنگلہ دیش، کمبوڈیا، بھارت، انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ اور تھائی لینڈ بھی مجوزہ محصولات کی فہرست میں شامل ہیں، جب کہ میکسیکو اور ناروے کے تجارتی طریقوں کی تحقیقات جاری ہیں۔