
دہلی پولیس نے بھارتی فضائیہ کے ایک ونگ کمانڈر کو مبینہ طور پر غیرملکی انٹیلی جنس ایجنسی سے جڑے ایک جاسوس کو انتہائی حساس فوجی معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے یہ معلومات مبینہ طور پر عریاں تصاویر کے بدلے شیئر کیں، جس سے ملک کی دفاعی تیاریوں اور قومی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔
پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق ملزم نے رواں برس 12 جنوری سے یکم اپریل کے دوران واٹس ایپ کے ذریعے ایک غیر ملکی ایجنسی کے ایجنٹ سے رابطہ رکھا، جس نے خود کو خاتون ظاہر کیا۔
اس دوران بھارتی فضائیہ کے اس مبینہ افسر نے کلاسیفائیڈ فوجی معلومات شیئر کیں۔
یکم اپریل کو ملزم کو اس وقت روکا گیا جب وہ اپنے دفتر میں اسمارٹ فون لے کر جا رہا تھا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ غیر ملکی ایجنٹ نے ونگ کمانڈر کو ایک عریاں تصویر بھیجی، جس کے جواب میں ملزم نے بھارتی فضائیہ کے خفیہ جنگی منصوبے کا ایک صفحہ شیئر کیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے یہ طے کیا تھا کہ موصول ہونے والی ہر عریاں تصویر کے بدلے وہ جنگی منصوبے کی دستاویزات کا ایک صفحہ فراہم کرے گا۔
چارج شیٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ملزم نے غیر ملکی ایجنٹ کو بھارتی فضائیہ کے ایک خفیہ ڈرون یونٹ کی طاقت، تنظیمی ڈھانچے، اور حفاظتی و آپریشنل طریقہ کار سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
ان لیک ہونے والی معلومات میں ڈرون کے تجربات، آپریشنل صلاحیتوں، پرواز کے دورانیے اور ہتھیاروں کے ہدف کو نشانہ بنانے والے سسٹمز کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی معلومات دشمن کے لیے جنگی صورتحال میں بھارتی فوج اور فضائیہ کی حکمت عملی اور تیاریوں کو سمجھنے میں انتہائی اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے ریاست راجستھان کے علاقے سورت گڑھ میں واقع مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں ہونے والی فوجی مشقوں اور لہہ میں لڑاکا طیاروں کی تعیناتی سے متعلق معلومات بھی شیئر کیں۔
اس کے علاوہ حساس فوجی تنصیبات کے مقامات اور جنگی حالات میں فوجیوں کی نقل و حرکت کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں، جس سے فوجی تنصیبات اور آپریشنز کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق مبینہ غیر ملکی ایجنٹ نے ملزم کو ایسی ایپس اور لنکس بھیجے جن میں مالویئر یا اسپائی ویئر موجود تھا، جو الیکٹرانک آلات میں محفوظ خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔
چارج شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزم نے اپنے ماتحت کام کرنے والے پانچ افسران کے الیکٹرانک آلات میں بھی مخصوص مالویئر اور اسپیائی ویئر انسٹال کرانے کی سہولت فراہم کی، تاکہ ان افسران کے آلات میں موجود حساس معلومات اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ان کے رابطوں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
دہلی پولیس نے عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں ملزم اور غیرملکی ایجنٹ کے درمیان ہونے والی چیٹ کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی پیش کیا ہے۔
پولیس کے مطابق واٹس ایپ ڈیٹا کے تجزیے سے انکشاف ہوا ہے کہ دونوں افراد کے درمیان 3008 ٹیکسٹ میسجز، 65 تصاویر، 65 ری ایکشنز، 42 وائس کالز، 4 ویڈیو کالز اور 6 یو آر ایل کا تبادلہ ہوا۔
پولیس اس ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات کر رہی ہے کہ شیئر کی گئی حساس معلومات کا دائرہ کار کتنا وسیع ہے اور اس سازش میں کوئی اور فرد ملوث ہے یا نہیں۔