امریکا نے روسی صدر سے مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی ہے، قالیباف

ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکام نے دورۂ ماسکو کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے لیے ثالثی کی درخواست کی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکا کو جنگ کے خاتمے کے لیے 7 نکاتی امن منصوبہ پیش کردیا ہے اور اب امریکی جواب کا منتظر ہے۔

الجزیرہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کے انتظام سے متعلق مفاہمت ہوچکی ہے، تاہم یہ اہم بحری گزرگاہ جنگ سے پہلے والی صورت حال پر کبھی واپس نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی پانیوں کا تصور لاگو نہیں ہوتا اور 1982 کا اقوام متحدہ کا سمندری قانون بھی اس گزرگاہ پر لاگو نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کے قواعد و ضوابط کا تعین اس کے ساحلی ممالک ایران اور عمان کے قوانین کے تحت ہوگا۔

ایرانی اسپیکر کے مطابق تہران نے قطر کی ثالثی کے ذریعے امریکا کو اپنا واضح مؤقف اور امن مذاکرات کے لیے سات شرائط پیش کردی ہیں۔ ایران اب واشنگٹن کے باضابطہ جواب کا انتظار کر رہا ہے۔

قالیباف نے کہا کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے۔ ایران کے مطالبات میں امریکی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی، تمام محاذوں پر لڑائی بند کرنا اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبات جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا حصہ تھے اور امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے ان پر عمل درآمد ضروری ہے۔

قالیباف نے کہا کہ اگر امریکا طے شدہ شرائط تک محدود رہے، غیر ضروری مطالبات نہ کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے بداعتمادی پیدا ہو تو معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے۔ ان کے بقول معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکا پر ایران کا عدم اعتماد ہے۔

محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ ایران پر امریکا کے کسی نئے حملے کا نتیجہ بھی واشنگٹن کے لیے شکست کی صورت میں نکلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوری میں کام شروع کرنے والی نئی امریکی کانگریس کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سیاسی دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اب نہ جنگ نہ امن کی کیفیت سے نکلنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ملک کی دفاعی اور عسکری صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

یمن میں سعودی حمایت یافتہ حکومت اور حوثی گروپ کے درمیان جاری لڑائی سے متعلق سوال پر قالیباف نے کہا کہ کسی کو اس تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اگر یمن کی حکومت اور سعودی عرب دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles