
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی اپنی اہلیہ ربیکا کمنز کے ساتھ جھگڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی یے جسے دیکھ کر صارفین اس معاملے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے حالیہ الزامات سے جوڑ رہے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ میں 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل نے ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی نئی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی، جس میں موجودہ کپتان پیٹ کمنز بھی شامل تھے۔ الزامات سامنے آنے کے بعد پیٹ کمنز نے خاموشی توڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عثمان خواجہ نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’’صبر‘‘ میں 2018 کے سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق کئی اہم دعوے کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کا علم آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس سے قبل پورٹ الزبتھ ٹیسٹ میں بھی اسی طرح کی کوشش کی گئی تھی۔
عثمان خواجہ کے ان الزامات نے آسٹریلوی کرکٹ کے اس تنازع کو دوبارہ ہوا دے دی ہے، جسے کرکٹ کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔
پیٹ کمنز نے اب تک عثمان خواجہ کے الزامات پر براہ راست کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعے کو میڈیا سے گفتگو کریں گے۔ یہ پریس کانفرنس نیو ساؤتھ ویلز اور ساؤتھ آسٹریلیا کے درمیان شیفیلڈ شیلڈ میچ کے تیسرے روز سے قبل کرکٹ سینٹرل میں ہوگی۔
پیٹ کمنز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ عثمان خواجہ کے الزامات کی مکمل تفصیلات سمجھنے کے لیے وقت لے رہے تھے تاکہ ان کا مناسب جواب دے سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جمعے کی صبح کرکٹ سینٹرل میں ٹریننگ کر رہا ہوں گا۔ میڈیا کے تمام نمائندے صبح ساڑھے 9 بجے ان واقعات کے بارے میں سوالات کر سکتے ہیں۔ میں نے اس ہفتے کے واقعات اور عثمان خواجہ کے الزامات کی مکمل تفصیلات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے کچھ وقت لیا ہے تاکہ مناسب جواب دے سکوں۔
اس پریس کانفرنس میں کمنز سے یہ سوال بھی متوقع ہے کہ کیا ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا علم تھا اور اس معاملے میں ان کا اپنا کردار کیا تھا۔
ادھر سینڈ پیپر اسکینڈل کی نئی بحث کے دوران پیٹ کمنز اور ان کی اہلیہ بیکی کے درمیان مبینہ تلخ کلامی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد دونوں کے تعلقات میں اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
پیٹ کمنز اور ربیکا 2013 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ تاہم بعد میں کمنز کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر نے علیحدگی یا اختلافات سے متعلق قیاس آرائیوں کو مزید تقویت نہیں دی۔ بیکی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پیٹ کمنز اور اپنی بیٹی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ’’مائی لووز‘‘ (میرے پیارے) کا کیپشن بھی لکھا۔
اب تمام نظریں پیٹ کمنز کی جمعے کو ہونے والی پریس کانفرنس پر ہیں، جہاں ان سے عثمان خواجہ کے الزامات اور 2018 کے اسکینڈل میں ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے مبینہ کردار سے متعلق سوالات کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں۔