جینسن ہوانگ کے بعد این ویڈیا کا نیا سربراہ کون ہوگا؟ دو نام سامنے آگئے

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کی ممکنہ برطرفی یا عہدے سے علیحدگی کی خبروں کے بعد کمپنی کی قیادت سنبھالنے کے لیے دو اہم نام سامنے آگئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق این ویڈیا کا بدھ سے بورڈ اجلاس میں اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آیا جینسن ہوانگ کو عہدے سے ہٹایا جائے یا نہیں۔ یہ پیش رفت کمپنی کے سربراہ سے متعلق دو مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کی خبروں کے بعد سامنے آئی ہے۔ تاہم این ویڈیا نے بورڈ کے اجلاس سے متعلق رائٹرز کی درخواست پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

جینسن ہوانگ این ویڈیا کے بانی اور طویل عرصے سے کمپنی کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے ویڈیو گیمز کے لیے گرافکس پروسیسر بنانے والی کمپنی کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے کی سب سے بڑی طاقتوں میں تبدیل کیا۔ ان کی قیادت میں این ویڈیا دنیا کی سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی کمپنی بنی۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں قائم فلڈ لائنز ریسرچ کی بانی اینا وو کے مطابق جینسن ہوانگ ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک غیر معمولی شخصیت ہیں اور این ویڈیا کی پہچان بن چکے ہیں، اس لیے ان کی جگہ کسی دوسرے شخص کو لانا آسان نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جینسن ہوانگ اپنی واضح گفتگو، منفرد شخصیت اور کمپنی کی برانڈ شناخت کے ساتھ اس قدر جڑے ہوئے ہیں کہ ان کی جگہ لینے کے لیے موزوں شخص تلاش کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ سے متعلق غیر یقینی صورت حال کے باعث رواں ہفتے این ویڈیا کے حصص کی مالیت میں تقریباً 600 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، جس کے بعد کمپنی دنیا کی دوسری سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی کمپنی بن گئی ہے۔

کمپنی کی قیادت کے لیے ایان بک اور کولیٹ کریس کے علاوہ دیگر نام بھی زیرِ بحث ہیں، جن میں چپ بنانے والی کمپنی آرم کے سربراہ رینے ہاس، این ویڈیا کے 32 سالہ تجربے کے حامل جیف فشر اور جینسن ہوانگ کے دو بچے بھی شامل ہیں، جو کمپنی میں انتظامی عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کے بورڈ کے بعض ارکان عبوری سی ای او کے طور پر کولیٹ کریس کی تقرری کے حق میں ہیں۔ امریکی ویب سائٹ سیمافور نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ انہیں کمپنی کی قیادت سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

59 سالہ کولیٹ کریس نے 2013 میں این ویڈیا میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ مائیکروسافٹ، سسکو اور ٹیکساس انسٹرومنٹس جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر کام کر چکی ہیں۔ وہ جینسن ہوانگ کے ساتھ کمپنی کے سہ ماہی مالیاتی نتائج کے حوالے سے ہونے والی گفتگو میں بھی شریک ہوتی ہیں۔

سرمایہ کاری کے پلیٹ فارم ای ٹورو کے تجزیہ کار جوش گلبرٹ کا کہنا ہے کہ کولیٹ کریس اس وقت کمپنی کو سنبھالنے کے لیے ایک موزوں انتخاب ہو سکتی ہیں، کیونکہ وہ گزشتہ 13 برس سے مالیاتی امور کی نگرانی کر رہی ہیں اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقل سی ای او کے انتخاب کے معاملے میں صورت حال مختلف ہو سکتی ہے، کیونکہ این ویڈیا کی اصل طاقت اس کی ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر میں ہے۔ اس لیے کمپنی کا بورڈ کسی ایسے انجینئر کو ترجیح دے سکتا ہے جو ٹیکنالوجی کے شعبے میں گہری مہارت رکھتا ہو۔

اسی تناظر میں ایان بک کا نام نمایاں طور پر سامنے آیا ہے۔

ایان بک نے 2004 میں این ویڈیا میں شمولیت اختیار کی تھی اور کمپنی کے گرافکس پروسیسرز کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں استعمال کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ این ویڈیا کے مشہور سافٹ ویئر سسٹم سی یو ڈی اے کی تیاری اور ترقی میں بھی شامل رہے ہیں، جس کی مدد سے دنیا بھر کے سافٹ ویئر ڈویلپرز این ویڈیا کے پروسیسرز پر مختلف پروگرام چلاتے ہیں۔

تقریباً 49 سالہ ایان بک اس وقت کمپنی میں ہائپر اسکیل اے آئی کے شعبے میں مصنوعات کی سربراہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور مصنوعی ذہانت سے متعلق سافٹ ویئر کی تیاری میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔

فیوچرم ایکویٹیز کے چیف مارکیٹ اسٹریٹجسٹ شے بولور کے مطابق اصل تشویش صرف جینسن ہوانگ کی فوری جانشینی نہیں بلکہ یہ ہے کہ اگلی دہائی میں این ویڈیا کی قیادت کون کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جینسن ہوانگ محض کمپنی کے سی ای او نہیں بلکہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے مسلسل یہ اندازہ لگایا کہ کمپیوٹر ٹیکنالوجی مستقبل میں کس سمت جائے گی۔

شے بولور کے مطابق اگر قیادت کی تبدیلی ضروری ہوئی تو ایان بک کمپنی کے اندر سب سے مضبوط طویل مدتی امیدوار ہوں گے، کیونکہ انہوں نے سی یو ڈی اے سسٹم کی تیاری اور این ویڈیا کے ہائپر اسکیل کاروبار کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے آرم کے سربراہ رینے ہاس کو بھی ممکنہ امیدوار قرار دیا، جو اس سے قبل این ویڈیا میں کام کر چکے ہیں۔ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری سے وابستہ ایک بینکار نے بھی رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ رینے ہاس ایک منطقی انتخاب ہو سکتے ہیں، کیونکہ وہ اس شعبے میں تجربہ رکھتے ہیں اور عالمی سطح پر ایک معروف شخصیت ہیں۔

دوسری جانب ایان بک نے گزشتہ سال بینک آف امریکا کی ایک کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ملازمت کے مشکل ترین پہلوؤں میں سے ایک مستقبل کے بارے میں درست اندازہ لگانا ہے، تاہم مصنوعی ذہانت مسلسل حیران کن نتائج دے رہی ہے۔

انہوں نے رواں سال رائٹرز سے گفتگو میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین کے سوالات کے جواب دینے کے عمل کو انتہائی پیچیدہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک بہت مشکل کام ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles