
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی ہے، تاہم سعود شکیل صرف 7 رنز کے فرق سے سنچری مکمل نہیں کرسکے۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز بنا کر نمایاں رہے، وہ اپنی سنچری مکمل کرنے سے قبل آؤٹ ہوگئے۔ قومی بیٹر محمد طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طٰہٰ نے 51 جبکہ بابر اعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی بیٹنگ لائن نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پانچ کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
مہمان ٹیم کی جانب سے اشیتھا اور مدد شنکا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کے روز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، تاہم مہمان ٹیم کا یہ فیصلہ ابتدائی روز اس کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوا۔
پاکستانی بیٹنگ لائن نے ابتدائی دو وکٹیں گنوانے کے بعد سنبھل کر کھیلتے ہوئے ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا تھا۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔ ان کھلاڑیوں میں طیب عارف، محمد طٰہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اذان اویس اور طیب عارف نے کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تھا۔ اذان اویس 30 رنز بنا کر ملان رتھنائیکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان کو 90 رنز کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ کا نقصان بھی اٹھانا پڑا تھا۔ ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
بابر اعظم نے ڈیبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی محمد طٰہٰ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ پر ایک اور اہم شراکت داری قائم کی۔
بابر اعظم نے 58 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے، تاہم وہ 159 کے مجموعی اسکور پر ملان رتھنائیکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل نے محمد طٰہٰ کا ساتھ دیا اور چوتھی وکٹ پر 68 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ محمد طہٰ نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔
چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کو محمد طٰہٰ کی وکٹ کی صورت میں 227 کے مجموعی اسکور پر چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔ محمد طہٰ نے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگ کھیلی۔
سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 253 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
امپائرز نے خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے ختم کر دیا۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو 2، دلشان مدوشنکا، ملان رتھنائیکے اور سونل ڈنشا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں نئی ٹیم میدان میں اتاری، جس میں چار کھلاڑیوں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔
قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں اذان اویس، طیب عارف، محمد طٰہٰ، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، غازی غوری، عرفات منہاس، رضوان اللہ، محمد عباس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پلیئنگ الیون میں تجربہ کار اسپنر پربتھ جے سوریا کو شامل نہیں کیا اور چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنڈی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس کا کہنا تھا کہ پچ پر گھاس موجود ہے، جس سے ابتدائی سیشن میں فاسٹ بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا یہ پچ فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور پہلا سیشن بہت اہم ہوگا۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں کوشل مینڈس، لہرو اودارا، پاسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کمیندو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونل دینوشا، ملان رتھنائیکے، لہرو کمارا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشناکا شامل ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان آخری یعنی نویں نمبر پر ہے، جبکہ سری لنکا ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے لیے یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا اہم موقع قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔