شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی؟ نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے دی

بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ نے بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس لوٹنے کی واضح ترین نشاندہی کرتے ہوئے بنگلہ دیشی حکام سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، 2024 میں شدید عوامی احتجاج کے بعد ملک سے فرار ہونے کے بعد نئی بنگلہ دیشی حکومت سے یہ شیخ حسینہ کا پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔

یہ قدم ان کی رواں سال دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کے منصوبے پر عمل درآمد کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث ڈھاکہ میں سیاسی اور قانونی تناؤ مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

لندن میں واقع میٹرکس چیمبرز کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کے نام ارسال کیے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عبوری حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے شیخ حسینہ کا سابقہ پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے جانے کی اطلاعات کے پیشِ نظر ان کی موکلہ کو نئے دستاویزات فوری جاری کیے جائیں۔

خط میں استدعا کی گئی ہے کہ شیخ حسینہ کی بنگلہ دیشی شہریت اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت عائد ہونے والے قانونی حقوق کی روشنی میں ان کی درخواستوں پر بلا تاخیر عمل درآمد کیا جائے۔

نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی نمائندہ پریتی رحمان اور ڈھاکہ میں وزیراعظم طارق رحمان کے ترجمانوں کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی رسمی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ، جو ماضی میں بنگلہ دیش کی سب سے بڑی سیاسی قوت تھی، اسے حسینہ واجد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد کالعدم قرار دیا جا چکا ہے۔ ان کی پارٹی کے متعدد رہنما اور سابق وزرا اس وقت جیلوں میں قید ہیں یا پھر بھارت اور دیگر ممالک میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں۔

مختلف ادوار میں 20 سال تک بنگلہ دیش کی وزیراعظم رہنے والی شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہے جب ڈھاکہ کی موجودہ حکومت دو سال سے زائد عرصے پر محیط سیاسی بحران کے بعد ملک میں استحکام لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

رائٹرز کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی سے ایک طرف جہاں ملک کے اندر سیاسی تقسیم شدید ہو سکتی ہے، وہیں دوسری جانب نئی دہلی اور ڈھاکہ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کا راستہ بھی نکل سکتا ہے، جو نئی دہلی کی جانب سے شیخ حسینہ کو پناہ دینے کے بعد سے مسلسل تنزلی کا شکار تھے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles