سعودی عرب کا سیاحتی ویزا: 4 نئے ممالک کے لیے آسانیاں پیدا کر دی گئیں

سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی شہریوں کے لیے سفری سہولتیں بڑھانے کی کوششوں کے تحت اپنے سیاحتی ویزا پروگرام میں مزید چار ممالک کو شامل کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ان ممالک کے شہری اب آن لائن یا سعودی عرب پہنچنے پر سرحدی گزرگاہوں سے سیاحتی ویزا حاصل کر سکیں گے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق سیاحتی ویزا پروگرام میں شامل کیے گئے نئے ممالک میں میکسیکو، شمالی مقدونیا، بوسنیا و ہرزیگووینا اور سربیا شامل ہیں۔

وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ ان چاروں ممالک کے شہری سیاحت کے مقصد سے وزٹ ویزا آن لائن حاصل کر سکتے ہیں یا سعودی عرب کی کسی بھی سرحدی گزرگاہ پر پہنچنے کے بعد ویزا حاصل کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

سعودی سیاحتی ویزا صرف تفریح یا سیاحت تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے مختلف دیگر مقاصد کے لیے بھی مملکت کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ اس ویزے پر آنے والے افراد تقریبات میں شرکت، نمائشوں اور کانفرنسوں میں شمولیت کے علاوہ دوستوں اور رشتے داروں سے ملاقات بھی کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ ویزا مناسکِ عمرہ کی ادائیگی کی بھی اجازت دیتا ہے، تاہم اس کے لیے سعودی عرب میں نافذ قوانین اور متعلقہ ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 سے اب تک غیر ملکی سیاحوں کے لیے جاری کیے گئے سیاحتی ویزوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

وزارت کے مطابق سعودی عرب اب تک تقریباً 65 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کا عمل ڈیجیٹل بنا چکا ہے، جس کے تحت اہل مسافر آن لائن درخواست دے کر ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے سیاحتی ویزا پروگرام میں نئے ممالک کی شمولیت کو بین الاقوامی سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے سفری سہولتوں میں اضافے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles