آئی سی سی رینکنگ میں بڑی تبدیلی، 2 نئے کھلاڑی نمبر ون پوزیشن پر قابض

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 کھلاڑیوں کی نئی عالمی رینکنگ جاری کردی، جس میں جنوبی افریقا اور بھارت کے کھلاڑیوں نے میدان مارتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے۔

جنوبی افریقا کے مارکو جینسن نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیسٹ بولرز اور آل راؤنڈرز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

مارکو جینسن نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ کرتے ہوئے 85 رنز بنائے۔ اس کارکردگی کے بعد وہ ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں 5 درجے ترقی کرکے پہلے نمبر پر آگئے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

جنوبی افریقی آل راؤنڈر نے بھارت کے رویندرا جڈیجا کو پیچھے چھوڑ کر پہلی مرتبہ ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی عالمی رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ جڈیجا 4 سال سے زائد عرصے تک اس فہرست میں پہلے نمبر پر رہے۔

جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں چار درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 179 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے ہیری بروک ٹیسٹ بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں 3 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے۔

جنوبی افریقا کے اسپنر سائمن ہارمر نے ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں 15 درجے ترقی کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی۔

ٹی 20 رینکنگ

بھارت کے ابھیشیک شرما نے ٹی 20 انٹرنیشنل بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ انہوں نے اپنے ہم وطن ایشان کشن کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز اپنے نام کیا۔ ابھیشیک شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 38 گیندوں پر 113 رنز بنا کر بھارت کو فتح دلائی۔

اس کے علاوہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ایک درجے ترقی کے بعد ٹی 20 بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے جب کہ پاکستان کے صائم ایوب ٹی 20 آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔

بھارت کے سنجو سیمسن ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں 6 درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر آگئے جب کہ نیوزی لینڈ کے فن ایلن 3 درجے بہتری کے بعد 25 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر 7 درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے جب کہ بھارت کے ارشدیپ سنگھ چھ درجے ترقی کے بعد 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔

ون ڈے رینکنگ

آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل بیٹرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر برقرار ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کا کوئی بھی بیٹر ون ڈے کی عالمی رینکنگ کے ٹاپ 5 کھلاڑیوں میں شامل نہیں۔ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد 9 ویں نمبر پر چلے گئے جب کہ سلمان آغا 13ویں، فخر زمان 46ویں اور صائم ایوب 65ویں نمبر پر آگئے۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے۔

پاکستان کے ابرار احمد ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی 2 درجے ترقی کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن پر آگئے، اس کے علاوہ پاکستان کے حارث رؤف 9 درجے تنزلی کے بعد 29 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں 13 درجے ترقی کرتے ہوئے 7 ویں پوزیشن حاصل کرلی جب کہ نمیبیا کے برنارڈ شولٹز 9 درجے ترقی کے بعد 8 ویں نمبر پر آگئے۔

ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی 5 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ آئی سی سی کی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے بین ڈکٹ اور ہیری بروک کی پوزیشن میں بھی بہتری آئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles