کرک میں آپریشن کے دوران ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک


خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار شہید جب کہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، ایس ایچ او تھانہ لتمبر افضل اعوان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد شامل ہیں۔
کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے بہادر خیل چارپرہ میں گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی، جس کے بعد علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آج دوپہر 12 بجے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا، جس کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کررہے تھے، کارروائی میں بم ڈسپوزل یونٹ، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار بھی شریک ہوئے۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران چرپیرا میں مبینہ دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوااور 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ڈی ایس پی عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی آپریشنز، ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس افسران کارروائی میں مصروف ہیں اور علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles