سہ ملکی ون ڈے سیریز: آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کو سزائیں سنادیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میں پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں پر سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں پر جرمانہ کردیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جب کہ سری لنکن ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی میچ ریفری جیف کرو نے مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔

آئی سی سی کے مطابق وقت کی رعایت کو مدنظر رکھنے کے بعد پاکستان نے مقررہ وقت کے اندر 2 اوورز کم کرائے جب کہ سری لنکا کی ٹیم ایک اوور پیچھے رہی۔

آئی سی سی کے پلیئرز اینڈ پلیئر سپورٹ پرسنل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر ٹیم کے ہر اضافی نامکمل اوور کے بدلے کھلاڑیوں پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کر لیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

یاد رہے کہ میچ میں آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی نے سلو اوور ریٹ کے الزامات عائد کیے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے 3 ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 305 رنز بنائے تھے تاہم ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles