آئی بی اے کراچی میں تدریسی سمپوزیم، اے آئی کے تعلیمی کردار پر غور


انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی نے آغا خان یونیورسٹی اور حبیب یونیورسٹی کے اشتراک سے سالانہ تدریسی و تعلیمی سمپوزیم 2026 کا انعقاد کیا، جس میں اعلیٰ تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے مواقع، چیلنجز اور تدریس کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی بی اے کراچی کے مین کیمپس میں منعقدہ سمپوزیم کا عنوان ’’تدریس میں مصنوعی ذہانت کا کردار‘‘ تھا، جس میں کراچی، ملک کے دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے تعلیمی رہنماؤں، اساتذہ، محققین اور تدریسی ماہرین نے شرکت کی۔
تقریب کے افتتاحی کلمات میں کانفرنس چیئر اور آئی بی اے کراچی کے آفس آف اکیڈمک کوالٹی اینڈ ایکسیلینس کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ثنا توصیف نے تعلیم پر مصنوعی ذہانت کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تینوں جامعات کی قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔
آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ کے ڈین ڈاکٹر فرید پنجوانی نے سمپوزیم کو تدریس اور تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں میں اہم سنگِ میل قرار دیا۔
سمپوزیم میں ’’مصنوعی ذہانت کے دور میں آج اور کل کی تدریس: جامعات کو کیا ترک کرنا، کیا شروع کرنا اور کیا جاری رکھنا چاہیے؟‘‘ کے عنوان سے پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا، جس کی نظامت آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے کی۔
مباحثے میں آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، حبیب یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی، دربین کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمیٰ اسلم اور بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر معید ڈبلیو یوسف نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران آئی بی اے کراچی، آغا خان یونیورسٹی اور حبیب یونیورسٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد تدریس و تعلیم میں جدت اور علمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
سمپوزیم سے یونیورسٹی آف اوسلو، ناروے کی پروفیسر ڈاکٹر فضیلت صدیق نے کلیدی خطاب کیا۔ ان کے خطاب کا عنوان ’’مصنوعی ذہانت کے دور میں تنقیدی سوچ اور خودمختارانہ فیصلہ سازی: کیا اعلیٰ تعلیم پر ازسرِنو غور کرنے کا وقت آ گیا ہے؟‘‘ تھا۔
انہوں نے اعلیٰ تعلیم میں تنقیدی سوچ، طلبہ کی خودمختاری اور تکنیکی، تدریسی و موضوعاتی علم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تقریب کے دوران انٹرایکٹو سیشنز، ایڈٹیک انوویشن شوکیس، ویژول وائسز اور طلبہ کی خصوصی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔
سمپوزیم کا اختتام تقسیمِ انعامات اور آغا خان یونیورسٹی کی وائس پرووسٹ برائے کوالٹی، ٹیچنگ اینڈ لرننگ ڈاکٹر جین رارییا اور حبیب یونیورسٹی کے نائب صدر برائے تعلیمی امور ڈاکٹر محمد شاہد شیخ کے اختتامی کلمات سے ہوا۔ مقررین نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles