خیبر پختونخوا میں گورنر راج، ضم شدہ اضلاع میں ایمرجنسی کی تجویز: اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کا اجلاس طلب


اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کی مجموعی انتظامی و امن و امان کی صورت حال پر غور کے لیے ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں صوبے کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس بیٹھک میں وفاقی کابینہ کے ارکان، اہم سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ عسکری قیادت کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں صوبے میں آئینی و انتظامی اقدامات بشمول ایمرجنسی کے نفاذ کی تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خیبر پختونخوا بالخصوص سابق قبائلی علاقوں یعنی فاٹا کے ضم شدہ اضلاع میں ایمرجنسی لگانے کی تجاویز بھی زیرِ غور آئیں گی۔
حکومتی و سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خطے میں امن و امان کی موجودہ صورت حال، انتظامی چیلنجز اور قانونی تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مختلف آئینی آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے تاکہ صوبائی سطح پر حکومتی امور اور سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنایا جا سکے۔
اہم مشاورتی اجلاس کی تکمیل کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اس ملاقات کے دوران صدر مملکت کو اجلاس میں ہونے والے متوقع فیصلوں اور طے پانے والی حکمتِ عملی پر اعتماد میں لیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles