
جاپان میں کھیلے گئے ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ہے۔ پاکستانی بیٹر حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کی تاہم ان کی فائٹنگ اننگز ٹیم کے کام نہ آسکی۔ بھارت کی جانب سے دیے گئے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا سکا۔
جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے دیئے گئے 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس کے بعد معاذ صداقت بھی 18 گیندوں پر 23 رنز بنا کر اکشر پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب کی جانب سے کوشش کی گئی تاہم وہ 22 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
حسن نواز نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل بھارت کے کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارت نے اننگز کی شروعات سے ہی تیز کھیل پیش کرنے کا مظاہرہ کیا تھا۔ بھارتی ٹیم کے نوجوان اوپنر ویبھو سوریا ونشی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سنجو سیمسن بھی صرف دو رنز بنا کر جلدی وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔
بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں سات چھکے اور تین چوکے شامل رہے، تاہم وہ پاکستانی باؤلر عرفات منہاس کا شکار ہو کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بھارتی بیٹر ایشان کشن 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کچھ دیر بعد بھارتی کپتان شریاس ایئر ابرار احمد کی گیند کا نشانہ بن کر 21 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ شویام دوبے 27 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
بعد ازاں بھارت کے تلک ورما جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے تھے اور قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو شامل کیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان کے علاوہ معاذ صداقت، وکٹ کیپر عثمان خان، صائم ایوب، حسن نواز، عبد الصمد، سعد مسعود، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد اور صفیان مقیم شامل تھے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم میں فائنل میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
بھارتی ٹیم میں کپتان شریاس ایئر، ابھیشیک شرما، ویبھو سوریاونشی، سنجو سیمسن، ایشان کشن، شیوم ڈوبے، تلک ورما، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی اور جسپریت بمراہ شامل تھے۔