وزیرستان میں آپریشن، 5 فتنہ الخوارج ہلاک، کارروائی کے دوران میجر احسان شہید


سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے میجر حافظ احسان بھی شہید ہوگئے.
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 5 بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج ہلاک کر دیے گئے۔

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کر لیا گیا، جسے مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے میجر حافظ احسان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ انہوں نے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر خے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles