
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور جیولن تھرو کے فائنل میں ٹاپ 8 میں بھی جگہ نہ بنا سکے۔ سونے کا تمغہ سری لنکن جیولن تھرور کے نام رہا۔
گلاسگو میں ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم 12 ایتھلیٹس میں نویں نمبر پر رہے، جس کے باعث وہ آخری مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کر سکے۔
ارشد ندیم کی پہلی تھرو فاؤل قرار دی گئی، دوسری کوشش میں انہوں نے 77.41 میٹر کی تھرو کی جو ان کی بہترین کارکردگی ثابت ہوئی، جبکہ تیسری اور آخری کوشش میں وہ 75.20 میٹر تک نیزہ پھینک سکے۔ ان کی 77.41 میٹر کی بہترین تھرو انہیں ٹاپ 8 میں پہنچانے کے لیے کافی نہ تھی، یوں وہ ابتدائی مرحلے میں ہی مقابلے سے باہر ہوگئے۔
دوسری جانب بھارت کے نیرج چوپڑا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلی کوشش میں 80.97 میٹر، دوسری میں 85.83 میٹر اور تیسری میں 81.29 میٹر کی تھرو کر کے مضبوط پوزیشن حاصل کی۔
سری لنکا کے رومیش پاتھیراج نے 89.75 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ تمام کھلاڑیوں پر برتری حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن سنبھالی، جبکہ روہت یادیو نے 81.56 میٹر اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 81.41 میٹر کی تھرو کی۔ انگلینڈ کے بین ایسٹ نے بھی پہلی کوشش میں 81.12 میٹر کی تھرو کر کے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ارشد ندیم سمیت جیولن تھرو کے فائنل میں 12ایتھلیٹس شریک ہوئے۔دفاعی چیمپئن ارشد ندیم اپنے طلائی تمغے کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے تھے۔