
عمان نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے ایک نیا منصوبہ پیش کیا ہے، جسے خلیجی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت ایران آبنائے ہرمز استعمال کرنے والے بحری جہازوں سے سروس فیس وصول کر سکے گا تاہم یہ فیس لازمی نہیں ہوگی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پھر دھمکی دی ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت ناکام ہوئی تو امریکا دوبارہ فضائی حملے شروع کر سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک خلیجی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ عمان نے ایران کو آبنائے ہرمز کے انتظام کے لیے ایک مشترکہ علاقائی نظام کی تجویز دی ہے، جسے خطے کے دیگر ممالک کی بھی حمایت حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمان کی نئی تجویز کا مقصد ایران جنگ کے نتیجے میں تیل کی عالمی تجارت میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
عمان کی نئی تجویز کے مطابق ایران کو آبنائے ہرمز پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہوگا اور جہازوں سے وصول کی جانے والی فیس بھی لازمی نہیں بلکہ رضاکارانہ ہوگی۔ اس نظام کو آبنائے ملاکا میں نافذ نظام سے تشبیہہ دی جارہی ہے جہاں انڈونیشیا، ملائیشیا اور سنگاپور جہاز رانی، ماحولیاتی تحفظ اور سرچ اینڈ ریسکیو خدمات کے لیے رضاکارانہ فیس وصول کرتے ہیں۔