شہید بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی، کارکن گڑھی خدا بخش میں جمع ہونا شروع


عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم دختر مشرق بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
دو بار پاکستان کی وزیراعظم بننے والی بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں سیاسی مخالفین کے ساتھ جنرل ضیا اور جنرل مشرف کی آمریتوں کا مقابلہ کیا۔
سابق وزیرِ اعظم بینظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی کے حوالے سے لاڑکانہ میں گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عوام کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
27 دسمبر کو برسی کی مناسبت سے گڑھی خدا بخش میں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے گڑھی خدا بخش میں 50 سے زائد کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر بینظیر کی زندگی کے کچھ یادگار لمحات
شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پر وزیراعظم کا خراج عقیدت
وزیراعظم شہباز شریف نے شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی علمبردار اور ہمت و استقامت کی علامت تھیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ سیاسی عمل میں مکالمے اور مفاہمت کو ترجیح دی، ان کی قیادت میں میثاق جمہوریت پر بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان دستخط ہوئے، جو ان کی پائیدار سیاسی سمجھ بوجھ کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم جناب شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بے نظیر بھٹو کے وژن اور نظریات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے محترمہ کے مشن کو زندہ رکھا ہے اور ان کی جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles