
فیفا ورلڈ کپ 2026 اب اپنے آخری اور سب سے دلچسپ مرحلےمیں داخل ہوچکا ہے، جہاں اتوار کے روز دنیائے فٹبال کی دو مضبوط ٹیمیں ارجنٹائن اور اسپین فائنل میچ میں ٹرافی جیتنے کے لیے ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔ اس فائنل مقابلے میں ارجنٹائن کی ٹیم چوتھی بار جبکہ اسپین کی ٹیم دوسری بار ورلڈ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔
ارجنٹائن اس سے قبل 1978، 1986 اور 2022 میں عالمی چیمپئن بن چکا ہے، جبکہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
اگر فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اس کا آغاز 1930 میں ہوا تھا اور اب تک کھیلے گئے 22 ٹورنامنٹس میں دنیا کی صرف 8 ٹیمیں ہی ایسی ہیں جو چیمپئن بننے کا خواب پورا کر سکی ہیں۔
فٹ بال کی دنیا میں سب سے کامیاب ٹیم برازیل کی مانی جاتی ہے، جس نے سب سے زیادہ پانچ بار یعنی سال 1958، 1962، 1970، 1994 اور 2002 میں ورلڈ کپ جیت کر پوری دنیا پر راج کیا۔
برازیل کے بعد جرمنی اور اٹلی چار، چار مرتبہ ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں۔ جرمنی نے 1954، 1974، 1990 اور 2014 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، جبکہ اٹلی نے 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
ارجنٹائن تین مرتبہ ورلڈ کپ کی فاتح رہی ہے۔ جنوبی امریکی ٹیم نے پہلی بار 1978 میں اپنے ملک میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ٹرافی جیتی، اس کے بعد 1986 میں میراڈونا کی قیادت میں عالمی چیمپئن بنی، جبکہ 2022 میں لیونل میسی کی قیادت میں تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
یوراگوئے نے ورلڈ کپ کے ابتدائی دور میں دو مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ اس نے 1930 میں پہلے ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا اور پھر 1950 میں دوسری بار عالمی چیمپئن بنا۔
فرانس بھی فٹبال کی بڑی طاقتوں میں شامل ہے۔ فرانس نے 1998 اور 2018 میں ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ انگلینڈ اور اسپین ایک، ایک مرتبہ عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے۔ انگلینڈ نے 1966 میں پہلی اور واحد بار ورلڈ کپ جیتا، جبکہ اسپین نے 2010 میں تاریخ رقم کی۔
2026 کے فائنل میں ارجنٹائن اور اسپین کی ٹیمیں ایک بار پھر عالمی فٹبال کے سب سے بڑے اعزاز کے لیے آمنے سامنے ہوں گی، جہاں دونوں ٹیموں کے پاس اپنی تاریخ میں ایک اور یادگار باب شامل کرنے کا موقع ہوگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اس بار ارجنٹائن چوتھی بار ٹرافی اٹھا کر جرمنی اور اٹلی کے برابر پہنچتا ہے یا اسپین دوسری بار فٹ بال کا بادشاہ بنتا ہے۔