پاکستان سمیت دنیا بھر میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ کی سروس ڈاؤن ہوگئی جس کے باعث لاکھوں صارفین متاثر ہوئے ہیں۔
سروس میں خلل کو مانیٹر کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر میں کئی صارفین کو فیس بک کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے ایکس پر پیغام جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ دنیا بھر میں صارفین نے فیس بک میں مسائل کی نشاندہی رپورٹ کی ہے۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق اتوار کے روز فیس بک کے مسائل کی شکایات میں اچانک اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 39 منٹ پر شکایات کی تعداد صرف چند لمحوں میں 5 سے بڑھ کر 3 ہزار 555 تک پہنچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق فیس بک کا ڈیسک ٹاپ ورژن بھی کئی صارفین کے لیے دستیاب نہیں تھا۔ بعض افراد کو اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش پر پیغام موصول ہوا کہ “آپ کا اکاؤنٹ عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے، سائٹ کے مسئلے کی وجہ سے آپ کا اکاؤنٹ فی الحال بند ہے، امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا، چند منٹ بعد دوبارہ کوشش کریں۔

تاہم کمپنی کی جانب سے اس خرابی کی فوری طور پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔ فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے بھی آؤٹیج کی وجہ یا اسے ٹھیک کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا تھا۔
دنیا بھر میں کروڑوں افراد فیس بک کو رابطوں، کاروباری سرگرمیوں اور معلومات کے تبادلے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس لیے کسی بھی بڑے تکنیکی مسئلے کی صورت میں بڑی تعداد میں صارفین متاثر ہوتے ہیں۔