
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے پر موسم کی صورتحال بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ سے اٹھنے والا دھواں اور امریکا کے نیویارک کے علاقے میں آنے والے شدید طوفانوں نے شائقین اور منتظمین میں تشویش پیدا کر دی تھی، تاہم ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہی طوفانی نظام اب فضا کو صاف کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل سے قبل ہفتے کے روز شدید بارش، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کے باعث تیاریوں میں مشکلات پیش آئیں۔ اسپین کی ٹیم کا ٹریننگ سیشن بھی علاقے میں آسمانی بجلی کے خطرے کے باعث روکنا پڑا، جبکہ نیویارک/نیوجرسی اسٹیڈیم میں موجود افراد کو طوفان کے دوران محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت دی گئی۔
حکام اور فیفا نے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے تاکہ فائنل کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تاہم تازہ موسمی پیش گوئی کے مطابق اتوار کو میچ کے وقت حالات بہتر ہونے کی توقع ہے۔
کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ کا دھواں حالیہ دنوں میں امریکا کے شمال مشرقی علاقوں تک پہنچ گیا تھا، جس کے باعث کئی ریاستوں میں فضائی معیار سے متعلق الرٹس جاری کیے گئے تھے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والا طوفانی نظام اس دھوئیں کو علاقے سے دور لے جانے میں مدد کرے گا۔
ماہر موسمیات ٹائلر روئز نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”کچھ ہلکا دھواں باقی رہ سکتا ہے جس سے فضا قدرے دھندلی نظر آ سکتی ہے، لیکن یہ بہت معمولی ہوگا۔“
انہوں نے مزید کہا، ”وہ دھواں جو بہت زیادہ تھا اور جس کی وجہ سے فضا خراب ہو رہی تھی، اب اس کے نیویارک یا اس کے آس پاس کے علاقوں میں رہنے کی امید نہیں ہے۔“
ماہر موسمیات جیف بیرارڈیلی نے بھی صورتحال کے بہتر ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ، ہفتے کو آنے والے طوفان نے فضا کو دھو کر صاف کر دیا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اب یہ دھواں بالکل بھی خطرناک نہیں رہے گا اور موسم پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہو جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے اس سے اچھے موسم کی امید نہیں کی جا سکتی تھی۔
ماہرین کے مطابق ہفتے کے روز آنے والے طوفان، جنہوں نے تیاریوں میں خلل ڈالا، اب الٹا فائدہ پہنچا سکتے ہیں کیونکہ یہ فضا میں موجود دھوئیں کو کم کرنے میں مدد دیں گے۔ پیش گوئی کے مطابق میچ کے وقت ایسٹ رودرفورڈ کے علاقے میں فضائی معیار ”درمیانے درجے“ کا ہوگا، جس سے عام لوگوں کو کوئی بڑا خطرہ نہیں ہوگا۔
فائنل کے وقت درجہ حرارت تقریباً 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ ہوا کی رفتار ہلکی اور نمی کی سطح بھی نسبتاً کم رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ حالات فٹبال کھیلنے کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں۔
جیف بیرارڈیلی نے کہا، ”ورلڈ کپ فائنل کے لیے اس سے بہتر موسم کی خواہش شاید ہی کی جا سکتی ہے۔“
اگرچہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے، لیکن فیفا اب بھی مکمل احتیاط کے ساتھ حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔ فیفا نے مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں رہنے کا اعلان کیا ہے تاکہ موسم اور فضائی معیار دونوں پر نظر رکھی جا سکے۔
نیوجرسی کی گورنر میکی شیرل نے ہفتے کے روز طوفان کے دوران لوگوں کو احتیاط کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے ممکنہ تیز ہواؤں، اچانک سیلاب، طوفانی بگولوں اور بڑے اولوں کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔
دوسری جانب کینیڈا اور شمالی ریاست منی سوٹا کے علاقوں میں جنگلات کی آگ اب بھی جاری ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر دھواں وسطی امریکا اور گریٹ لیکس کے علاقوں تک محدود رہنے کا امکان ہے اور ورلڈ کپ فائنل کے وقت نیویارک کے قریب اس کا اثر بہت کم ہوگا۔