گولڈن بوٹ کی ریس میں نیا ٹوئسٹ، ایمباپے نے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں گولڈن بوٹ کی دوڑ مزید دلچسپ ہو گئی ہے، جہاں فرانس کے اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ارجنٹائن کے لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ میں دو گول اسکور کرنے کے بعد نہ صرف ایمباپے گولڈن بوٹ کی ریس میں سب سے آگے نکل گئے بلکہ وہ ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

میامی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2026 کے تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4-6 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا، لیکن فرانس کے کپتان کیلیان ایمباپے نے شکست کے باوجود اپنی شاندار کارکردگی سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

میچ میں دو گول کرنے کے بعد ایمباپے کے ورلڈ کپ گولز کی تعداد 22 ہو گئی ہے، جس کے ساتھ انہوں نے لیونل میسی کا ریکارڈ توڑ دیا، جن کے نام عالمی کپ میں 21 گول تھے۔

27 سالہ ایمباپے نے دوسرے ہاف میں اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 48ویں منٹ میں پہلا گول کیا جبکہ 66ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے فرانس کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی۔ ان دونوں گولز نے انہیں ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بنا دیا۔

ایمباپے نے یہ تاریخی اعزاز صرف 22 ورلڈ کپ میچوں میں حاصل کیا ہے۔ انہوں نے 2018 کے ورلڈ کپ میں 4 گول کیے تھے، جبکہ 2022 کے عالمی کپ میں 8 گول کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اب 2026 کے ورلڈ کپ میں ان کے گولز کی تعداد 10 ہو چکی ہے، جس کے باعث وہ گولڈن بوٹ کے مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں۔

گولڈن بوٹ کی موجودہ ریس میں ایمباپے 10 گول اور 4 اسسٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ لیونل میسی 8 گول اور 4 اسسٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ناروے کے ارلنگ ہالینڈ 7 گول کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم 7 گول کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

اپنی کامیابی کے بعد ایمباپے نے کہا، ”میسی اتوار کے فائنل میں ضرور گول کریں گے۔ میں صرف اپنی ٹیم کو جتوانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ جب آپ ورلڈ کپ میں بہت زیادہ گول کرتے ہیں تو آپ ایک خاص مقام حاصل کر لیتے ہیں۔“

فرانسیسی کپتان نے مزید کہا، ”میں یہ پسند کرتا کہ میں ورلڈ کپ کا سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی نہ بنتا بلکہ میری ٹیم فائنل کھیل رہی ہوتی۔ یہ ریکارڈ میرے کیریئر اور میری وراثت کے لیے اچھا ہے، لیکن اس وقت یہ میرے ذہن میں سب سے اہم چیز نہیں ہے۔“

ایمباپے نے اس ورلڈ کپ میں ایک اور منفرد کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔ وہ عالمی کپ کے تقریباً ہر مرحلے میں گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے گروپ مرحلے، راؤنڈ آف 32، راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل اور تیسری پوزیشن کے میچ میں گول کیے، تاہم وہ اب تک ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں گول نہیں کر سکے۔

اب شائقین کی نظریں ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان ہونے والے فائنل پر ہیں، جہاں لیونل میسی کے پاس نہ صرف اپنی ٹیم کو عالمی چیمپئن بنانے کا موقع ہوگا بلکہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں بھی واپسی کا امکان موجود ہے۔ اگر میسی فائنل میں دو گول اور ایک اسسِٹ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ایمباپے کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

یوں ورلڈ کپ 2026 کا فائنل صرف ٹرافی کے لیے مقابلہ نہیں ہوگا بلکہ گولڈن بوٹ اور عالمی ریکارڈز کی جنگ بھی بن چکا ہے، جہاں میسی اور ایمباپے کے درمیان مقابلہ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles