
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے چند گھنٹے قبل اسپین کی ٹیم کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب خراب موسم اور آسمانی بجلی کے باعث اس کا ٹریننگ سیشن روک دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کی ٹیم اتوار کو ارجنٹینا کے خلاف ہونے والے ورلڈ کپ فائنل سے پہلے نیو جرسی کے میلانی لین ٹریننگ گراؤنڈ میں پریکٹس کر رہی تھی، تاہم علاقے میں طوفان اور آسمانی بجلی کے خطرے کے باعث امریکی حفاظتی ضوابط کے تحت ٹریننگ معطل کر دی گئی۔
اسپینش فٹبال فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ نیو جرسی کے میلانی لین ٹریننگ گراؤنڈ میں اسپین کی قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن امریکی طوفانی موسم کے حفاظتی پروٹوکول کے مطابق معطل کر دیا گیا ہے۔
فیڈریشن نے مزید کہا کہ کھلاڑی اس وقت ہال کے اندر وارم اپ سیشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں اسپین کی ٹیم دوبارہ میدان میں آ کر مکمل ٹریننگ کرے گی یا نہیں۔
دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم نے بارش کے باوجود کھلے میدان میں اپنی ٹریننگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ٹیمیں اس وقت نیو جرسی میں موجود ہیں جہاں اتوار کو ورلڈ کپ 2026 کا فائنل کھیلا جائے گا۔
نیو جرسی کی گورنر مکی شیرل نے بھی شہریوں کو شدید موسم سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں شدید طوفان، تیز ہوائیں، ممکنہ بگولے، اچانک سیلاب اور بڑے اولے پڑنے کا خطرہ ہے، اس لیے شہری احتیاط کریں۔
ارجنٹینا مسلسل دوسری بار اور مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے میدان میں اترے گا، جبکہ اسپین 2010 کے بعد پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کی کوشش کرے گا۔
اسپین نے اب تک اپنی تاریخ میں صرف ایک مرتبہ 2010 میں فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔
ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ پہلے ہاف میں ایک گول کے خسارے کے باوجود اینزو فرنانڈیز نے برابری کا گول کیا، جبکہ لاوتارو مارٹینیز نے اضافی وقت میں فیصلہ کن گول کرکے ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔
اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ انگلینڈ کا 1966 کے بعد پہلی بار فائنل کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا۔
دوسری جانب اسپین نے فرانس کو 0-2 سے شکست دے کر 2010 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ فائنل میں رسائی حاصل کی اور اب یورپی چیمپئن ہونے کے ساتھ عالمی ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گا۔