فیفا ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کو چیمپیئن انگوٹھیاں دینے کا اعلان؛ یہ کس چیز سے بنی ہیں؟

فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فاتح کو پہلی بار روایتی ٹرافی اور طلائی تمغوں کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رِنگز بھی دی جائیں گی۔ یہ کسی بھی فیفا ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ فاتح ٹیم کو اس نوعیت کا اعزاز دیا جائے گا۔

ورلڈ کپ 2026 کا فائنل اتوار، 19 جولائی کو نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں ارجنٹائن اور اسپین کی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم کو پہلی بار امریکی طرز کی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی، جو امریکہ کی مختلف پیشہ ورانہ کھیلوں کی روایات کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں۔

فیفا کے مطابق چیمپئن شپ رنگز کا مجموعہ محدود تعداد میں تیار کیا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر 2,026 رنگز بنائی جائیں گی، جو ورلڈ کپ 2026 کی مناسبت سے اس تعداد میں تیار کی جا رہی ہیں۔ ان میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی 1,996 رنگز دنیا بھر کے شائقین کے لیے سرکاری لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی تاکہ وہ بھی اس تاریخی ٹورنامنٹ کی یادگار اپنے پاس رکھ سکیں۔

فیفا نے بتایا کہ ہر رنگ منفرد ہوگی اور اس پر الگ نمبر درج ہوگا۔ رنگ کے ایک حصے پر فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کا نقش بنایا جائے گا، جبکہ دوسرے حصے کو فاتح ٹیم کی شناخت کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ ہر رنگ متعلقہ فرد کے ہاتھ کے مطابق تیار کی جائے گی اور اس کے ساتھ ایک سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔

فیفا کے مطابق فائنل ختم ہونے کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی رنگز دی جائیں گی۔ بعد ازاں فاتح ٹیم کے لیے مخصوص تمام 30 رنگز کو انفرادی طور پر تیار کیا جائے گا تاکہ وہ ہر کھلاڑی اور متعلقہ فرد کے لیے مکمل طور پر موزوں ہوں، جس کے بعد انہیں ایک الگ تقریب میں باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا۔

چیمپئن شپ رنگز امریکا کی کئی بڑی کھیلوں کی لیگوں، جیسے امریکی فٹبال، بیس بال، باسکٹ بال، آئس ہاکی اور میجر لیگ سوکر میں کامیاب ٹیموں کو دی جاتی ہیں۔ فیفا کا کہنا ہے کہ اس روایت کو پہلی بار عالمی فٹبال کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو ایک نئی اور منفرد یادگار بھی دی جا سکے۔

فیفا نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ شائقین کے لیے فروخت کی جانے والی رنگز کی قیمت کیا ہوگی، تاہم اس نے واضح کیا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو حسبِ روایت ٹرافی اور طلائی تمغے بھی دیے جائیں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles