فیفا سیمی فائنل: میچ سے پہلے دو یورپی طاقتوں کا ایک دوسرے کے خلاف مائنڈ گیم شروع

فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اب تمام نظریں اسپین اور فرانس کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل پر مرکوز ہیں جو آج رات اسپین اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا، لیکن اس بار مقابلہ صرف میدان تک محدود نہیں رہا۔ میچ سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے بیانات نے اس ٹاکرے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اصل مقابلے سے پہلے نفسیاتی جنگ بھی شروع ہو چکی ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ اسپین اور فرانس دونوں یورپی طاقتیں ایک بار پھر عالمی کپ کے بڑے اسٹیج پر آمنے سامنے ہیں۔ اس سے قبل 2006 کے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں ٹکرائی تھیں، جہاں فرانس نے اسپین کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل کی راہ ہموار کی تھی۔ تاہم حالیہ برسوں میں صورتحال مختلف رہی ہے۔

یورو 2024 کے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو 1-2 سے شکست دی، جبکہ گزشتہ برس یوئیفا نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں بھی اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-5 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اب ہسپانوی ٹیم مسلسل تیسری بار فرانس کو شکست دینے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ فرانس کی امیدیں کائیلین ایمباپے جبکہ اسپین کی نظریں لامین یامال پر ٹکی ہیں۔

میچ سے پہلے فرانس کے ہیڈ کوچ دیدیے دیشامپ نے موجودہ یورپی چیمپئن اسپین کو اس سیمی فائنل کا فیورٹ قرار دیا، لیکن ہسپانوی کھلاڑیوں نے بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں ہیں۔

اسپین کے نوجوان فارورڈ لامین یامال کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم فرانس کو اپنے آخری دو مقابلوں میں شکست دے چکی ہے، اس لیے اگر کسی ٹیم کو فکر ہونی چاہیے تو وہ فرانس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کسی سے خوفزدہ نہیں اور میدان میں بہتر کھیل ہی کامیابی کا فیصلہ کرے گا۔

یامال کے ساتھی ونگر نیکو ولیمز نے بھی اسی اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین کو فرانس سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ان کی ٹیم پہلے ہی دو بار انہیں شکست دے چکی ہے۔ ان کے مطابق یہ غرور نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں پر یقین اور خود اعتمادی ہے۔

دوسری جانب اسپین کے نوجوان دفاعی کھلاڑی پاؤ کوبارسی سے جب فرانس کے کپتان اور ورلڈ کپ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر ایمباپے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ایمباپے سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ایمباپے ایک غیرمعمولی کھلاڑی ہیں جو ایک لمحے میں میچ کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔ ان کے بقول جیسے لامین یامال منفرد صلاحیتوں کے مالک ہیں، ویسے ہی ایمباپے بھی کسی ایک موقع سے فرق پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے پورے 90 منٹ مکمل توجہ برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔

فرانس کی جانب سے ان بیانات کا جواب سینٹر بیک ابراہیما کوناتے نے دیا۔ انہوں نے ہسپانوی کھلاڑیوں کے تبصروں کو ایک نفسیاتی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی ٹیم ایسے بیانات پر توجہ نہیں دے رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر سب سے اہم چیز عاجزی، نظم و ضبط اور مکمل توجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخالف ٹیم جو چاہے کہہ سکتی ہے، لیکن فرانس اس جال میں نہیں پھنسے گا اور اپنی بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ ان کے مطابق اصل فیصلہ میچ کے اختتام پر ہوگا کہ فائدہ کس ٹیم کو پہنچتا ہے۔

دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم، ماضی کے دلچسپ مقابلے اور اسٹار کھلاڑیوں کی موجودگی نے اس سیمی فائنل کو ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلوں میں شامل کر دیا ہے۔ ایک جانب کائیلین ایمباپے اپنی شاندار گول اسکورنگ فارم کے ساتھ فرانس کی امید ہیں، تو دوسری طرف لامین یامال کی برق رفتار کارکردگی اسپین کے لیے بڑا ہتھیار سمجھی جا رہی ہے۔

اگرچہ میچ سے پہلے دونوں جانب سے اعتماد بھرے بیانات سامنے آئے ہیں، لیکن دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ اصل فیصلہ الفاظ سے نہیں بلکہ میدان میں ہونے والی کارکردگی سے ہوگا، جہاں 90 منٹ کی جدوجہد ہی یہ طے کرے گی کہ فائنل میں کون سی ٹیم پہنچے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles