
جاپان میں طاقتور سمندری طوفان ”باوی“ نے ہفتے کے روز ملک کے جنوبی جزائر کو شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طوفان کا رخ تائیوان کی جانب ہونے پر دونوں علاقوں میں حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید تیز کر دیے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جاپان کے اوکیناوا صوبے کے ساکیشیما جزائر، خصوصاً ایشی گاکی جزیرے میں شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ خالی سڑکوں پر تیز ہواؤں کے ساتھ ملبہ اڑتا ہوا دیکھا گیا جبکہ بہت کم گاڑیاں خراب موسم میں سڑکوں پر نظر آئیں۔
بندرگاہ میں کھڑی کشتیاں بھی طوفان کی طاقتور لہروں اور تیز پانی کے بہاؤ سے بری طرح ہلتی رہیں۔ طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 144 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ حکام نے خبردار کیا کہ ہوا کے جھکڑ 198 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتے ہیں۔
خراب موسم کے باعث ایشی گاکی آنے اور جانے والی تمام پروازیں اور فیری سروس ہفتے بھر معطل رہیں۔ ایئر لائنز نے مجموعی طور پر 345 پروازیں منسوخ کر دیں جبکہ اوکیناوا میں 24 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی بھی بند ہو گئی۔
دوسری جانب تائیوان میں حکومت نے طوفان کے پیش نظر زیادہ تر پہاڑی علاقوں سے 14 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ اگرچہ ماہرین کے مطابق طوفان براہ راست تائیوان سے نہیں ٹکرائے گا، تاہم بعض علاقوں میں تقریباً ایک میٹر بارش کی پیش گوئی کے باعث حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔
منتقل کیے جانے والے زیادہ تر افراد شمالی اور مشرقی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ خراب موسم کے باعث 920 بین الاقوامی اور تمام 280 اندرونِ ملک پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔