
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے شمالی ایران کے صوبہ گلستان میں چین اور روس سے تجارت کے لیے استعمال ہونے والے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل اوگتائے خان ریلوے پل کو کروز میزائل کے حملے سے نشانہ بنایا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ جمعرات کی صبح امریکا نے شمالی ایران کے صوبہ گلستان میں واقع اوگتائے خان ریلوے پل پر کروز میزائل سے حملہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ریلوے پل ایران کے شمالی ریلوے کوریڈور میں ایک اسٹریٹجک گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے چین، ترکمانستان اور روس کے ساتھ تجارتی روابط کے لیے اہم قرار دیا جاتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے نتیجے میں اس اہم ریلوے رابطے کو نشانہ بنایا گیا، جو ایران کے بین الاقوامی ریل نیٹ ورک کا اہم حصہ ہے۔
اس حملے کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا جب کہ نقصانات یا جانی نقصان کی تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔