
ملک میں مسلسل دو روز تک سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد آج کمی ریکارڈ کی گئی ہے، فی تولہ سونا 1100 روپے سستا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 1100 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 943 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 11 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 174 ڈالر پر آگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہوگئی تھی۔
مقامی مارکیٹ کے ساتھ عالمی منڈی میں بھی گزشتہ روز سونے کے نرخوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت تقریباً ایک فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 165 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، جبکہ یہ 23 جون کے بعد بلند ترین سطح بھی تھی۔
اسی دوران امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق توقع سے کمزور امریکی جاب مارکیٹ کے اعداد و شمار کے بعد مہنگائی میں مزید اضافے اور شرح سود بڑھنے کے خدشات میں کمی آئی، جس سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا۔
اعداد و شمار کے مطابق جون میں نان فارم پے رولز میں صرف 57 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ ہوا، جبکہ ماہرین نے 1 لاکھ 10 ہزار نئی ملازمتوں کی پیش گوئی کی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں ہفتہ وار کمی بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ بنی، کیونکہ اس سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوگیا۔