فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں پیراگوئے نے جرمنی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔ یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہے۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر تھا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پیر کو کھیلے گئے اس میچ میں پیراگوئے نے پہلے ہاف میں شاندار آغاز کیا۔ 42 ویں منٹ میں ماتیاس گالارزا کے کراس پر جولیو اینسیسو نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف میں چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمن ٹیم اپنی روایتی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور وقفے تک خسارے میں رہی۔
دوسرے ہاف کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد جرمنی نے میچ میں واپسی کی۔ 53 ویں منٹ میں فلوریان ورٹز کی جانب سے دائیں جانب سے دی گئی گیند پر کائی ہاورٹز نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد جرمنی کو ایک اور گول کرنے کا موقع ملا، جب جوناتھن تاہ نے کارنر کک پر گیند جال میں پہنچائی، تاہم وی اے آر جائزے کے بعد ریفری نے پیراگوئے کے گول کیپر کے خلاف فاؤل قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا۔ مقررہ وقت اور پھر اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی، جس کے باعث مقابلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک جا پہنچا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں جرمنی کی جانب سے پہلی ہی کوشش پر کائی ہاورٹز پنالٹی ضائع کر بیٹھے۔ بعد ازاں نک وولٹیمیڈے اور جوناتھن تاہ بھی اپنی پنالٹیاں گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ دوسری جانب پیراگوئے نے بھی دو پنیلٹیز ضائع کیں، لیکن ٹیم مجموعی طور پر 3-4 سے کامیاب رہی۔ فیصلہ کن پنالٹی پیراگوئے کے دفاعی کھلاڑی ہوزے کینالے نے اسکور کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلائی۔
میچ سے قبل فیفا کی عالمی درجہ بندی میں جرمنی 10 ویں جبکہ پیراگوئے 41 ویں نمبر پر تھا۔ اسی وجہ سے اس نتیجے کو ورلڈ کپ کی تاریخ کے بڑے اپ سیٹس میں شمار کیا جا رہا ہے، خصوصاً ناک آؤٹ مرحلے کے تناظر میں۔

اس سے قبل ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جرمنی کی ایک بڑی حیران کن شکست 1994 کے عالمی کپ میں سامنے آئی تھی، جب بلغاریہ نے کوارٹر فائنل میں اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ جرمنی پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جرمن ٹیم 2014 میں عالمی کپ جیتنے کے بعد ایک بار پھر ابتدائی ناک آؤٹ مرحلے سے آگے جانے میں ناکام رہی۔
اس تاریخی جیت کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور جشن منایا، جبکہ جرمن کھلاڑی مایوس دکھائی دیے۔
پیراگوئے کا مقابلہ اب 4 جولائی کو فلاڈیلفیا میں ہونے والے اگلے مرحلے کے میچ میں فرانس یا سویڈن سے ہوگا۔