ایران کی درخواست پر کل دوحہ میں مذاکرات ہوں گے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے مذاکرات کی درخواست کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ملاقات منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوگی۔ اس سے قبل خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ذرائع کے حوالے سے دوحہ میں ممکنہ مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثوں کے رابطہ نظام قائم کیے جانے کی خبر دی تھی، تاہم ایران نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان مذاکرات کی درخواست ایران کی جانب سے کی گئی تھی۔

صدر ٹرمپ نے یہ بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری کیا، تاہم ایران کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

ٹرمپ نے اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 69 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جو ان کے بقول ایران کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کے اقدامات شروع ہونے سے پہلے کی سطح سے بھی کم ہے۔

انہوں نے ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کی مقبولیت کی شرح اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان عبوری امن معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں دوحہ میں تکنیکی مذاکرات متوقع ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ثالثوں نے ممکنہ کشیدگی کم کرنے کے لیے خصوصی رابطہ نظام بھی قائم کیا ہے، ’رائٹرز‘ کے مطابق ایک سینئر ایرانی ذرائع نے بھی دوحہ میں ممکنہ ملاقات کا عندیہ دیا تھا، تاہم ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اس ہفتے کسی تکنیکی اجلاس یا دوحہ میں مذاکرات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ مشاورت معمول کے مطابق جاری ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے 17 جون کو 14 نکاتی عبوری مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت دونوں ممالک نے جنگ بندی برقرار رکھنے، آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے اور جامع مذاکرات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ معاہدے کے بعد قطر میں منجمد ایران کے 12 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے ابتدائی 6 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اب تک ٹرمپ کے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا کہ دوحہ میں ملاقات طے پا گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles