لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے مسلسل 7 میچز میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے اردن کے خلاف گروپ مرحلے کے آخری میچ میں بطور متبادل میدان میں آکر شاندار فری کک پر گول کیا اور اس طرح ارجنٹینا نے یہ مقابلہ 1-3 سے جیت لیا۔

39 ویں سالگرہ کے 3 روز بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اردون کے خلاف میچ کے دوسرے ہاف میں بطور متبادل میدان میں انٹری دی۔ میسی نے 80 ویں منٹ میں پنالٹی ایریا کے باہر فاؤل حاصل کرنے کے بعد شاندار فری کک پر گیند جال میں پہنچائی۔

میسی کی نیچی شاٹ 2 دفاعی کھلاڑیوں کے درمیان سے گزرتی ہوئی گول کے بائیں کونے میں جا لگی۔ اس گول کے ساتھ میسی مسلسل 7 ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اردن کے خلاف کیا گیا گول لیونل میسی کے کیریئر کا ورلڈ کپ 2026 میں 19 واں گول تھا، جس کے ساتھ انہوں نے مردوں کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنے آل ٹائم گولز کے ریکارڈ کو مزید بہتر بنا لیا۔

اس سے قبل مسلسل 6 ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے کا اعزاز صرف 3 کھلاڑیوں کے پاس تھا، جن میں فرانس کے جسٹ فونٹین، برازیل کے جائرزینہو اور ارجنٹینا کے لیونل میسی شامل تھے تاہم اب میسی اس فہرست میں تنہا سرفہرست ہیں۔

یہ میسی کے کیریئر کا مجموعی طور پر 72واں جب کہ ارجنٹینا کی جانب سے 12واں فری کک گول تھا۔ بین الاقوامی سطح پر ان کے گولز کی مجموعی تعداد 123 ہوگئی ہے، جو مردوں کی بین الاقوامی فٹبال تاریخ میں دوسرا بڑا ریکارڈ ہے۔ اس فہرست میں کرسٹیانو رونالڈو 145 گولز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ میسی اب تک ارجنٹینا کے لیے 202 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں۔

لیونل میسی اس سے قبل 2014 ورلڈ کپ میں بھی نائیجیریا کے خلاف فری کک پر گول کر چکے تھے۔ وہ اب ان 6 کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے 1966 کے بعد ورلڈ کپ میں کم از کم 2 فری کک گول کیے ہیں۔ اس فہرست میں پیلے، ریویلینو، تیوفیلو کیوبیلاس، برنارڈ گینگھینی اور ڈیوڈ بیکہم بھی شامل ہیں۔

ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکیلونی نے میسی کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جو کچھ دیکھ رہے ہیں، وہ بھی وہی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار میسی کے بارے میں سوال پوچھا جاتا ہے تو جواب دینا مشکل ہو جاتا ہے کیوں کہ اب ان کی کارکردگی کے لیے نئے الفاظ نہیں ملتے۔

ارجنٹینا کے مڈ فیلڈر جیووانی لو سیلسو، جنہوں نے اسی میچ میں 19ویں منٹ میں فری کک پر گول کیا، کا کہنا تھا کہ میسی کو روزانہ کھیلتے دیکھنا ہر کسی کے لیے باعثِ جوش اور حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ فارم میں میسی کو دیکھنا پوری ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ارجنٹینا اس میچ سے قبل ہی گروپ جے میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکا تھا جب کہ اردن ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکا تھا۔ اسی وجہ سے میسی کو ابتدائی الیون میں شامل نہیں کیا گیا تاہم دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی شائقین ان کا نام پکارنے لگے۔

70 ہزار 649 تماشائیوں کی موجودگی میں جب میسی وارم اپ کے لیے میدان میں آئے تو اسٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا جب کہ 60 ویں منٹ میں لاوتارو مارٹینیز کی جگہ میدان میں اترنے پر شائقین نے بھرپور استقبال کیا۔

8 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے لیونل میسی اپنے کیریئر میں کبھی بھی ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر کا گولڈن بوٹ ایوارڈ نہیں جیت سکے تاہم اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں وہ اب تک 6 گول کر چکے ہیں اور اس دوڑ میں کایلین ایمباپے، ونیسیئس جونیئر اور ایرلنگ ہالینڈ سے دو گول آگے ہیں۔

ورلڈ کپ 2026 سے قبل میسی انٹر میامی کی نمائندگی کے دوران معمولی ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار رہے تاہم اس کے باوجود انہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار فارم برقرار رکھی۔

ارجنٹینا کا ناک آؤٹ مرحلے کا سفر جمعہ سے جنوبی فلوریڈا میں شروع ہوگا جب کہ اگر ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو اسے 17 دنوں میں پانچ میچ کھیلنے ہوں گے۔

کوچ لیونل اسکیلونی کے مطابق میسی مکمل 90 منٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے تاہم انہوں نے اپنے ساتھیوں کو زیادہ وقت دینے اور آئندہ اہم میچز کے لیے خود کو تازہ رکھنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میسی ذاتی ریکارڈز کے بجائے ٹیم کی کامیابی پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles