
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا ہے۔
انہوں نے لاہور میں میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 76 ڈالر فی بیرل تک آئیں گی، حکومت عوام کو مزید بڑا ریلیف فراہم کرے گی۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے پورا پاکستان تنگ تھا اور ملک کا ایک ایک آدمی اس مشکل وقت سے گزرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے وہ مشکل وقت گزر چکا ہے اور اب ملک میں اچھا وقت آ رہا ہے، کیونکہ حکومت عوام کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر وقت متحرک ہے۔
اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب تک پیٹرول کی قیمت میں 108 روپے تک کی بڑی کمی عوام تک منتقل کر چکے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے قیمتوں کو نہ صرف کم کیا بلکہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے جتنا بنتا تھا، اس سے بھی زیادہ قیمت کم کر کے دکھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتیں ابھی تک جنگ سے پہلے والی پرانی سطح پر واپس نہیں آئیں، لیکن اس کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 130 ارب روپے کی بھاری سبسڈی دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے صرف عوامی خدمت کا حکم دیا ہے اور ان کی صاف ہدایات ہیں کہ کسی کو نقصان ہو یا فائدہ، تمام فیصلے صرف اور صرف میرٹ پر کیے جائیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے اور دیگر سفارتی معاملات پر بھی بات کی۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ اس وقت پیرس کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور ہماری حکومت وہاں اس کیس کی بھرپور پیروی کر رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ہم ایران کے ساتھ مل کر تمام معاملات کو آرام سے حل کریں گے، اور اس سلسلے میں ایرانی صدر نے اسلام آباد امن معاہدے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بہتری اور توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیر پیٹرولیم نے محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے پر پولیس، پاک فوج اور تمام سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ سب نے مل کر بہترین کام کیا۔