
پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔
پاکستان میں ہفتے کی شام اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پنجاب میں لاہور، شرقپور، اٹک، اوکاڑہ، پھالیہ، حسن ابدال، ٹیکسلا، واہ کینٹ، بھلوال، ننکانہ صاحب سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گہرائی 191 کلومیٹر جب کہ مرکز ہندوکش ریجن تھا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، لوئردیر، دیربالا، باجوڑ، مردان، سوات، صوابی، بنوں، مردان، چارسدہ، چترال اور لکی مروت سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
خیبرپختونخوا میں زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 7 ریکارڈ کی گئی جب کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا جاری اجلاس بھی روک دیا گیا۔
جمعے کے روز بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی ایک ہی دن میں تین مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
اس زلزلے کے نتیجے میں بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے علاقے کلی چاپ اور گرد و نواح میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا تھا اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے بتایا کہ زلزلے سے 90 سے زائد مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں متعدد کچے مکانات مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں سے مزید نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے لیے سروے جاری ہے، جبکہ مزید آفٹر شاکس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔