
وینزویلا میں دو شدید زلزلوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ کئی عمارتوں کے منہدم ہونے، بڑے پیمانے پر تباہی اور جانی نقصان کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق پہلا زلزلہ 7.2 شدت کا تھا جس کا مرکز دارالحکومت کراکس سے تقریباً 284 کلو میٹر مغرب میں واقع تھا۔
بعد ازاں دوسرا اور زیادہ طاقتور زلزلہ 7.5 شدت کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا۔ بعض ابتدائی رپورٹوں میں پہلے زلزلے کی شدت 7.1 بھی بتائی گئی ہے، تاہم حکام کی جانب سے معلومات مسلسل اپ ڈیٹ کی جا رہی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلے کے باعث کراکس میں ایک دو منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شدید زلزلے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور ہزاروں افراد کے متاثر ہونے یا ہلاک ہونے کا امکان ہے، تاہم سرکاری طور پر ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق وینزویلا کا مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی زلزلے سے متاثر ہوا ہے اور شدید نقصان کے باعث اسے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ کی بندش کے بعد متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب وسطی امریکی ملک ایل سلواڈور نے وینزویلا کو امدادی کارروائیوں میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ریسکیو ٹیمیں اور امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد وہاں کے بعض ساحلی علاقوں میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے، تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
وینزویلا کی حکومت نے ہنگامی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے، جبکہ شہریوں کو محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
اُدھر امریکی جیولوجیکل سروے نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور یہ آفت ملک کے بڑے حصے کو متاثر کر سکتی ہے۔
وینزویلا میں آنے والے طاقتور زلزلوں کے بعد امریکا نے متاثرہ ملک کو امداد فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کے لیے تعاون کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں لکھا کہ، وینزویلا کے عظیم عوام کو ابھی جن دو بڑے زلزلوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ دونوں انتہائی شدید نوعیت کے ہیں اور ان کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا مدد کے لیے مکمل طور پر تیار، پُرعزم اور اہل ہے! میں نے اپنی حکومت کے تمام اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ فوری کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ ہم اپنے نئے اور عظیم دوستوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ابتدائی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں۔
امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا زلزلے کے بعد وینزویلا کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے امدادی وسائل متحرک کیے جا رہے ہیں۔
کرسٹوفر لینڈاؤ نے اپنے پیغام میں وینزویلا کے عوام سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے لکھا کہ خدا ہمارے وینزویلا کے دوستوں کی حفاظت کرے۔