
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی 10 دنوں میں ایک غیر معمولی منظر سامنے آیا جہاں کھلاڑیوں کی جانب سے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کرنے، یعنی ”اون گول“، کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اب تک ٹورنامنٹ میں سات اون گولز ہو چکے ہیں، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ 12 اون گولز کا ریکارڈ 2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں قائم ہوا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ 2026 کا ورلڈ کپ 48 ٹیموں اور 104 میچز تک توسیع پا چکا ہے، اس لیے موجودہ رفتار برقرار رہی تو روس 2018 کا ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔ ٹورنامنٹ ابھی ایک تہائی سے کچھ زیادہ مرحلہ طے کر چکا ہے، لیکن شاندار گولز کے ساتھ ساتھ اون گولز بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
اس سلسلے کا آغاز پیراگوئے کے ڈیامیان بوبادیلا سے ہوا جنہوں نے امریکا کے خلاف میچ میں ابتدائی سات منٹ کے اندر اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا۔ اس میچ میں امریکا کو فائدہ پہنچا۔ بعد ازاں آسٹریلیا کے کیمرون برگیس نے بھی امریکا کے خلاف اون گول کیا، جس کی مدد سے امریکا نے گروپ ڈی میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔
سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی میرو موہائم نے قطر کے خلاف میچ میں انجری ٹائم کے آخری لمحات میں اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کردیا تھا، جس کے نتیجے میں قطر کو برابر کرنے کا موقع ملا۔ بعد میں قطر کو بھی اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب محمد منائی نے کینیڈا کے خلاف 0-6 کی شکست میں اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر دیا تھا۔
مصر کے محمد ہانی، عراق کے ایمن حسین اور اردن کے یزن العرب بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے رواں ورلڈ کپ میں اون گول کیے۔ ایمن حسین نے ناروے کے خلاف اسی میچ میں اپنی ٹیم کے لیے ایک گول بھی کیا۔ اس کارنامے کے ساتھ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے صرف تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی میچ میں دونوں جانب گول اسکور کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک مجموعی طور پر 61 اون گولز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 12 فیصد صرف رواں ٹورنامنٹ میں ہوئے ہیں۔
ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا اون گول 1930 کے پہلے عالمی کپ میں میکسیکو کے 18 سالہ کھلاڑی مینوئل روزاس نے چلی کے خلاف میچ میں کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پانچ ایسے ٹورنامنٹس بھی گزرے ہیں جن میں ایک بھی اون گول نہیں ہوا۔ آخری بار ایسا 1990 کے ورلڈ کپ میں دیکھنے میں آیا تھا۔
امریکا کو رواں ورلڈ کپ میں دو اون گولز کا فائدہ مل چکا ہے، جو کسی ایک ٹیم کے حق میں ایک ہی ورلڈ کپ میں ہونے والے سب سے زیادہ اون گولز کے مشترکہ ریکارڈ کے برابر ہے۔ اس سے قبل فرانس کو 2014 اور 2018 کے ورلڈ کپ میں بھی دو، دو اون گولز کا فائدہ ملا تھا۔
ایک ہی ورلڈ کپ میں کسی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اون گول کرنے کا ریکارڈ بھی دو کا ہے، جو بلغاریہ نے 1966 میں اور روس نے اپنے ہوم ورلڈ کپ 2018 میں قائم کیا تھا۔
مجموعی تاریخ پر نظر ڈالیں تو میکسیکو وہ ٹیم ہے جس نے سب سے زیادہ چار اون گولز کیے ہیں، جبکہ فرانس وہ ٹیم ہے جسے سب سے زیادہ چھ مرتبہ مخالف کھلاڑیوں کے اون گولز کا فائدہ ملا ہے۔