آج پیٹرول کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کی جائے گی، وزیراعظم کا اعلان


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پیٹرول کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کی جائے گی، جنگ بندی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں اور گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ چھڑنے کے بعد تیل کی قیمتوں کو آگ لگ گئی تھی، تاہم اب حالات بہتر ہورہے ہیں اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جمعہ ہے اور تیل کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ ہونا ہے، جبکہ ہفتہ وار قیمتوں کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطا فرمائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی عزت کی تلاش میں قوموں کو صدیاں گزر جاتی ہیں، جبکہ آج دنیا میں پاکستان کا نام عزت اور وقار کے ساتھ گونج رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اس کامیابی پر سجدہ شکر ادا کرنا چاہیے اور قومی اسمبلی میں اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر قومی وحدت اور ملکی مفاد کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

وزیراعظم نے اس کامیابی کا کریڈٹ پوری قومی قیادت اور ریاستی اداروں کو دیتے ہوئے کہا کہ اس میں سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل کا ہے، جنہوں نے قیام امن کے لیے دن رات انتھک محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر لمحہ محسوس ہوتا تھا کہ شاید یہ معاملہ ختم نہ ہو سکے، مگر اللہ تعالیٰ نے پہاڑ جیسی مشکلات آسان فرما دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس کامیابی کا کریڈٹ لینے کا کوئی شوق نہیں، بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ کامیابی ہے۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر سے ان کی تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں ایرانی صدر نے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان ایران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا اور اسی جذبۂ اخوت کے تحت ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان صرف ہمسایہ ممالک نہیں بلکہ برادر اسلامی ممالک ہیں اور خطے میں امن کے قیام سے معاشی خوشحالی کے دریا بہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لانے کے لیے وفاقی حکومت نے 128 ارب روپے خرچ کیے ہیں اور اب ترقی و خوشحالی کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں امن کے قیام کے بعد معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی۔
شہباز شریف نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، معاون خصوصی علی پرویز ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور دیگر حکومتی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والے دوست ممالک قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور چین کا بھی خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles