
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہو کر گر گیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹس شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ مردان کے علاقے کاٹلنگ میں مردان روڈ پر جبر نہر کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسوں اور فائر وہیکلز کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، جہاں امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حادثے میں فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ کا تعلق پاکستان ایئر فورس جبکہ لیفٹیننٹ طہٰ عباسی کا تعلق پاکستان نیوی سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز نے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور پاک افواج کے تمام رینکس نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج کی قیادت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق طیارہ حادثے میں چند شہری بھی زخمی ہوئے، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید پائلٹس کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پائلٹس نے وطن کی خدمت کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔
وزیر داخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔