امریکا نے ایرانی تیل لے جانے کی کوشش پر تیسرا تجارتی جہاز بھی ناکارہ بنا دیا

امریکی فوج نے خلیجِ عمان میں ایک اور تجارتی آئل ٹینکر کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور اس نے امریکی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 10 جون کی شب خلیجِ عمان میں گنی بساؤ کے پرچم تلے چلنے والے آئل ٹینکر ایم ٹی جالویر کو ناکارہ بنا دیا گیا، کیونکہ وہ ایران کے خلاف عائد بحری ناکا بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایرانی تیل منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی طیارے نے جہاز کے عملے کو متعدد بار ہدایات جاری کیں، تاہم عملے کی جانب سے ان پر عمل نہ کیے جانے کے بعد جہاز کے انجن روم کو دو ہیل فائر میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جس سے جہاز کی نقل و حرکت معطل ہو گئی۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ جالویر اس ہفتے ناکارہ بنایا جانے والا تیسرا تجارتی جہاز ہے۔

اس سے قبل پیر اور منگل کو امریکی افواج نے ایم ٹی میری ویکس اور ایم ٹی سیٹیبیلو نامی جہازوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی تھیں۔ امریکی حکام کے مطابق میری ویکس ایرانی بندرگاہ کی جانب جا رہا تھا جب کہ سیٹیبیلو ایرانی تیل کی نقل و حمل میں مصروف تھا۔

سینٹ کام کے اعداد و شمار کے مطابق 13 اپریل سے جاری بحری ناکا بندی کے دوران اب تک 9 ایسے جہازوں کو ناکارہ بنایا جا چکا ہے جنہوں نے امریکی احکامات پر عمل نہیں کیا، جب کہ 135 جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ اس کے علاوہ انسانی امداد لے جانے والے 42 جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ ناکا بندی تمام ممالک کے جہازوں پر یکساں طور پر نافذ کی جا رہی ہے اور اس کا اطلاق ایران کی تمام بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں، بشمول خلیجِ عمان اور خلیج فارس کے ساحلی مراکز پر ہوتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles