آئی سی سی نے لارڈز اور قذافی اسٹیڈیم کی پچز سے متعلق فیصلہ سنادیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی پچز کو ”غیر تسلی بخش“ قرار دیتے ہوئے دونوں وینیوز کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ میچ ریفریز کی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ کی پچز کو ”غیر تسلی بخش“ قرار دیا گیا ہے۔

لارڈز میں انگلینڈ نیوزی لینڈ ٹیسٹ کے پہلے 2 روز کے دوران 33 وکٹیں گریں تھیں، جس پر آئی سی سی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

لارڈز ٹیسٹ کے میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پورے ٹیسٹ میچ کے دوران گیند کو غیر معمولی حد تک سیم موومنٹ حاصل رہی جب کہ متعدد مواقع پر گیند بہت نیچی بھی رہی۔

ان کے مطابق باؤنس میں مسلسل غیر یقینی صورت حال دیکھی گئی، جس کے باعث پہلے روز 16 اور دوسرے روز 17 وکٹیں گریں۔ انہوں نے کہا کہ پچ نے بیٹنگ کے مقابلے میں بولنگ کو غیر متوازن حد تک فائدہ پہنچایا۔

دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم کے لیے میچ ریفری گریم لا بروئے نے بھی منفی رپورٹ دی، انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پچ انتہائی سست اور نیچی رہی، جس کی وجہ سے رنز بنانا مشکل ہوگیا۔

میچ ریفری کے مطابق یہ وکٹ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے معیار کے مطابق نہیں تھی کیوں کہ بلے بازوں کو سیٹ ہونے کے لیے زیادہ وقت درکار تھا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پچ نے میچ کے ابتدائی مراحل سے ہی اسپنرز کی مدد کی اور یہ صورت حال پورے میچ میں برقرار رہی۔

آئی سی سی کے مطابق دونوں رپورٹس متعلقہ بورڈز، یعنی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھجوا دی گئی ہیں۔ دونوں بورڈز کو فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے 14 روز کا وقت دیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ دونوں وینیوز کے خلاف اس سے قبل کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ موجود نہیں تھا۔ آئی سی سی کے پچ اور آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ نظام کے تحت ”غیر تسلی بخش“ قرار دی جانے والی پچ پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ جب کہ ”ناقابلِ استعمال“ قرار دی جانے والی پچ پر 3 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔

یہ ڈی میرٹ پوائنٹس 5 سال تک ریکارڈ کا حصہ رہتے ہیں، اگر کسی مقام کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس 6 یا اس سے زائد ہوجائیں تو اسے 12 ماہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے معطل کر دیا جاتا ہے جب کہ 12 ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچنے پر یہ پابندی 24 ماہ تک بڑھ جاتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles